سی ڈی اے نے اسلام آباد ایکسپریس وے کے کورال انٹرچینج پر کام شروع کر دیا

منصوبے پر کام 8 ماہ میں مکمل ہوگا، ایک ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی

اتوار 21 فروری 2016 17:14

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 فروری۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ سی ڈی اے نے اسلام آباد ایکسپریس وے کے کورال انٹرچینج پر کام شروع کر دیا ۔ سی ڈی اے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد محمود نے اتوار کو یہاں بتایا کہ سی ڈی اے نے کورال انٹر چینج پر گزشتہ بدھ سے باضابطہ طور پر کام کا آعاز کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں کورال انٹرچینج کے ارد گر د گھاس کی کٹائی اور صفائی شروع کر دی گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ لیبارٹری ٹیسٹنگ اور کنکریٹ پلانٹس کی تنصیب بھی شروع کر دی گئی ہے۔

کورال انٹرچینج کی تعمیر کے لئے کنٹریکٹر کا عملہ بھی آچکا ہے اور انٹرچینج کے ارد گرد سے گھاس کی کٹائی اور صفائی کے بعد تعمیر کا کام بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد ایکسپریس وے کورال انٹرچینج کیلئے 5 کنٹریکٹرز کے نام شارٹ لسٹ کئے تھے تاہم معیار پر پورا اترنے والے کنٹریکٹر ظاہر خان اینڈ برادرز کو کورال انٹرچینج کا ٹھیکہ دیا گیا ہے جبکہ اس کے بعد مرحلہ وار کھنہ اور سوہان انٹر چینجزکا ایک مہینہ بعد جبکہ جاپان روڈ اور جی ٹی روڈ کے ٹینڈر 2 ماہ بعد کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورال انٹرچینج منصوبے پر کام 8 ماہ میں مکمل کریں گے، انٹرچینج پر ایک ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک دونوں اطراف چار رویہ 4 کلو میٹر روڈ کی تعمیر اور آئی ایٹ چوک پر انٹرچینج کی تعمیر مکمل کرلی ہے، اس کے بعد فیض آباد سے ایئر پورٹ/کورال چوک تک 8.5 کلو میٹر دونوں اطراف 5 رویہ روڈ کی تعمیر و توسیع جبکہ کورال سے جی ٹی روڈ تک 12.5 کلو میٹر دونوں اطراف 4 رویہ روڈ کی تعمیر شامل ہے۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک موجودہ تین رویہ سڑک کو نہ صرف تو سیع دے کر چار رویہ کیا گیا ہے بلکہ گریڈ سیپریشن کی سہولت کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں اسلام آباد ایکسپریس وے کو فیض آباد سے لے کر کورال چوک تک موجودہ دونوں اطراف کی پانچ پانچ لینوں کی دوبارہ سے بحالی کے علاوہ دونوں اطراف کی سروس روڈز کو دو رویہ کیا جائے گا جبکہ تیسرے مرحلے میں چار چار لینز پر مشتمل ایکسپریس وے کورال چوک سے جی ٹی روڈ تک تعمیر کی جائے گی۔

انڈر اور اوور پاسز کی تعمیر، جدید ٹریفک سینٹرز کا قیام اور سیکورٹی سسٹم کی تنصیب بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات کے پیشِ نظر اور اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور جیسا میگا پراجیکٹ ممکن ہوا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈورکے منصوبے میں زیرو پوائنٹ سے روات تک 25 کلو میٹر روڈ مکمل کی جائے گی۔ اس منصوبے پر تقریباً 21.8 ارب روپے لاگت آئے گی۔

متعلقہ عنوان :