Live Updates

چیئرمین نیب کی تقرری پر تنقید کرنے والے آج ان کے حامی بنے ہوئے ہیں‘ عمران خان کے بیانات ہر روز بدلتے رہتے ہیں‘ اب عمران خان کی اچانک چیئرمین نیب سے محبت جاگ اٹھی ‘ کسی کے پر نہیں کاٹے بڑھتے ہوئے ناخن کاٹے ہیں‘ قطر سے ایل این جی گیس کی درآمدی قیمت کا فیصلہ نہیں ہوا تھا کہ انکوائری شروع کرادی گئی‘ حکومت کے تحفظات کسی ادارے کے ساتھ نہیں بلکہ ترقی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے ہیں‘ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو گرفتار کرکے ان پر مقدمات بنائے گئے‘ آزاد کشمیر پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے باعث بزرگ شہری کی جان گئی‘ پارلیمنٹ کو پٹھان کوٹ واقعہ سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا اورنج فیسٹیول منصوبے کا افتتاح، میڈیا سے گفتگو

اتوار 21 فروری 2016 16:31

ٹیکسلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری پر تنقید کرنے والے آج ان کے حامی بنے ہوئے ہیں‘ عمران خان کے بیانات ہر روز بدلتے رہتے ہیں‘ اب عمران خان کی اچانک چیئرمین نیب سے محبت جاگ اٹھی ہے‘ کسی کے پر نہیں کاٹے بڑھتے ہوئے ناخن کاٹے ہیں‘ قطر سے ایل این جی گیس کی درآمدی قیمت کا فیصلہ نہیں ہوا تھا کہ انکوائری شروع کرادی گئی‘ حکومت کے تحفظات کسی ادارے کے ساتھ نہیں بلکہ ترقی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے ہیں‘ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو گرفتار کرکے ان پر مقدمات بنائے گئے‘ آزاد کشمیر پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے باعث بزرگ شہری کی جان گئی‘ پارلیمنٹ کو پٹھان کوٹ واقعہ سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کو یہاں اورنج فیسٹیول منصوبے کا افتتاح اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج فیسٹیول کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ دنیا کو پاکستان کی کوئی اور شکل پیش کی گئی اصل پاکستان کی تصویر دنیا میں کم دیکھی گئی ٹیکسلا کی تہذیب دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ہے۔ اس قسم کی تقریبات کا انعقاد سیاحت کے فروغ کا بھی باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت بہت قیمتی ہے ، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے ہم نے ڈھائی سال میں جتنا کام کیا اتنا کسی اورکیلئے ممکن نہیں ہے عمران خان کے دھرنے نے ڈیڑھ سال کا بیڑہ غرق کردیا دھرنے کی وجہ سے کام کی رفتار سست ہوئی اور اس وجہ سے کام مکمل نہ ہونے پر افسوس ہواپہلے سال میں ہی ریکارڈ منصوبوں پر کام کیا پانچ سال کا کام ڈھائی سال میں مکمل کیاہم حکومت ہیں ، اداروں اور لوگوں کو تحفظ فراہم کریں گے۔

نکیال کے واقعہ پر انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دیا گیا کہ جیسے واقعے میں مسلم لیگ( ن) کے لوگ ملوث ہیں حالانکہ پوسٹمارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاں بحق ہونے والا دم گھٹنے کی وجہ سے جاں بحق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیب کے علاوہ بھی دوسرے اداروں کا ذکر کیا یہ جمہوریت ہے کہ وزیراعظم نے کھلے عام بات کی‘ وزیراعظم کی بات کا مقصد ترقیاتی عمل میں رکاوٹوں کی نشاندہی کرنا تھا۔

فیصلوں کی تاخیر کی وجہ سے ترقیاتی کام رک جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تحفظات کسی ادارے کے ساتھ نہیں بلکہ ترقی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ میں اتنے ترقیاتی منصوبے نہیں ہوئے جتنے موجودہ حکومت نے اڑھائی سال میں کئے ہیں۔ کوشش تھی کہ ڈھائی سال میں پانچ سال کے ترقیاتی کام مکمل کرتے۔

ہمارے 365دنوں کا کام تھا عمران خان کے دھرنے نے ڈیڑھ سال برباد کردیئے۔ آمریت آمریت کہنے والے یہ نہیں جانتے کہ آمریت میں فیصلے بند کمروں میں ہوتے ہیں کھلے عام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر سے ایل این جی کی درآمدی قیمت کا فیصلہ نہیں ہوا تھا کہ انکوائری شروع کردی گئی۔ ایل این جی کی قیمت پٹرول کے مقابلے میں تیرہ فیصد کم رکھی گئی ہے۔ حکومت کا کام ایمانداری کے ساتھ قومی ترقی میں حصہ لینے والے اداروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ایمانداری سے کام کرنے والوں پر الزام تراشی کی جائے تو وہ حوصلہ شکنی کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے کہتے تھے کہ چیئرمین نیب کا مک مکا ہے اب عمران خان کی اچانک چیئرمین نیب سے محبت جاگ اٹھی ہے۔ عمران خان کے بیانات ہر روز بدلتے رہتے ہیں۔ ہم نے کسی کے پر نہیں کاٹے بلکہ بڑھتے ہوئے ناخن کاٹے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نکیال واقعے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاریاں کی گئیں اور ان پر مقدمے بنائے گئے جبکہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق جاں بحق شخص کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔

آزاد کشمیر کی پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے باعث بزرگ شہری کی جان گئی۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کا پیغام آزاد کشمیر کے عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ قطر سے گیس کے معاہدے اور قیمت کو عالمی سطح پر سراہا ہے لیکن یہاں تنقید کی جارہی ہے۔ اختلاف رائے اور تنقید جمہوری اور زندہ معاشرے کا حسن ہے لیکن تنقید مثبت ہونی چاہئے۔ جمہوریت میں میڈیا کے ذریعے عوام سے بات کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کسی بھی معاملے پر معلومات حاصل کرنے کا اختیار رکھتی ہے پارلیمنٹ کو پٹھان کوٹ واقعے سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔ پرویز رشید نے مردم شماری کے حوالے سے سوال پر کہا کہ خواہش تھی کہ مردم شماری مارچ میں ہوجائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات