ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی انتظامیہ کی طرف سے پیٹرول کی مد میں قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے کاا نکشاف ،سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ نے پیٹرول کی مد میں قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا نے والے ذمہ داران کیخلاف کوئی کارروائی کرنے کی بجائے معاملہ دبا دیا

اتوار 21 فروری 2016 15:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 فروری۔2016ء ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی انتظامیہ کی طرف سے پیٹرول کی مد میں قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے کاا نکشاف ہوا ہے۔ مجموعی طور پر 31ہزار130لیٹر اضافی پیٹرول کیلئے قومی خزانے سے 24لاکھ90ہزار4سوروپے کی ادائیگیاں کی گئیں سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ نے پیٹرول کی مد میں قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا نے والے ذمہ داران کیخلاف کوئی کارروائی کرنے کی بجائے معاملہ دبا دیا ہے ۔

آن لائن ذرائع کو حاصل تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس منصوبے کے فیز2کیلئے مقرر کردہ گاڑیوں کی لاگ بک اور انتظامیہ کی طرف سے گاڑیوں کے سفر طے کرنے کی تفصیلات میں واضع فرق سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

دستیاب دستاویزات کے مطابق گاڑی نمبرGk-010کی انٹریز کے مطابق گاڑی 1لاکھ92ہزار768کلومیٹراستعمال ہوئی جبکہ اصل میٹر ریڈنگ کے مطابق گاڑی 1لاکھ51ہزار539کلومیٹر چلی تھی اس طرح افسران کے فراہم کردہ تفصیلات سے41ہزار229کلومیٹر گاڑی کم چلی تھی ۔

اس طرح مجموعی طور پر 4ہزار122لیٹر اضافی پیٹرول کا خرچہ ظاہر کیا گیا اسی طرح گاڑی نمبرGS-947کی انٹریز کے مطابق گاڑی 2لاکھ39ہزار465کلومیٹراستعمال ہوئی جبکہ اصل میٹر ریڈنگ کے مطابق گاڑی 1لاکھ30ہزار458کلومیٹر چلی تھی۔ اس طرح افسران کے فراہم کردہ تفصیلات سے1لاکھ09ہزار7کلومیٹر گاڑی کم چلی تھی اس طرح مجموعی طور پر 10ہزار900لیٹر اضافی پیٹرول کا خرچہ ظاہر کیا گیا۔

گاڑی نمبرGS-946کی انٹریز کے مطابق گاڑی 1لاکھ36ہزار207کلومیٹراستعمال ہوئی جبکہ اصل میٹر ریڈنگ کے مطابق گاڑی 55ہزار440کلومیٹر چلی تھی اور افسران کے فراہم کردہ تفصیلات سے41ہزار229کلومیٹر گاڑی کم چلی تھی اس طرح مجموعی طور پر 8ہزار77لیٹر اضافی پیٹرول کا خرچہ ظاہر کیا گیا۔گاڑی نمبرGS-948کی انٹریز کے مطابق گاڑی 2لاکھ19ہزار460کلومیٹراستعمال ہوئی جبکہ اصل میٹر ریڈنگ کے مطابق گاڑی 1لاکھ39ہزار153کلومیٹر چلی تھی اور افسران کے فراہم کردہ تفصیلات سے80ہزار307کلومیٹر گاڑی کم چلی تھی ۔

اس طرح مجموعی طور پر8ہزار31لیٹر اضافی پیٹرول کا خرچہ ظاہر کیا گیااورغلط بیانی کرکے مجموعی طور پر 31ہزار130لیٹر اضافی پیٹرول کیلئے قومی خزانے سے 24لاکھ90ہزار4سوروپے کی ادائیگیاں کی گئیں وفاقی سیکرٹری داخلہ نے پیٹرول کی مد میں قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا نے والے ذمہ داران کیخلاف کوئی کارروائی کرنے کی بجائے معاملہ دبا دیاہے ۔آن لائن کے رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن عثمان باجوہ سے ان کے موبائل پر متعدد بار رابطے کے باوجود رابطہ ممکن نہ ہوسکاہے ۔

متعلقہ عنوان :