جنرل ہسپتال میں پہلی بار جگر کے سرطان میں مبتلا مریضہ کا کامیاب آپریشن

اتوار 21 فروری 2016 14:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 فروری۔2016ء)جنرل ہسپتال کی تاریخ میں پہلی بار جگر کے سرطان(رسولی) میں مبتلا 28سالہ عذرا بی بی کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے ۔ عذرا بی بی گزشتہ کئی سالوں سے جگر کے سرطان میں مبتلا تھی۔ معالجین نے اس کا آپریشن تجویز کیا اور ہسپتال کے حال ہی میں مکمل ہونے والے فیز تھری کے نئے بلاک میں بنائے گئے آپریشن تھیٹرز جہاں پر ہارمونگ اور لیگا شور سمیت دیگر خون منجمدکرنے والی جدید طبی مشینوں کی تنصیب کی گئی۔

سرجیکل یونٹ III کے پروفیسر ڈاکٹر سکندر حیات گوندل کی سربراہی میں طبی ماہرین کی ٹیم نے عذرا بی بی کے جگر میں موجود رسولی(سرطان) کا آپریشن کیا، جگرکی رسولی کا پیچیدہ ترین آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ دوران آپریشن سینئر رجسٹرار ڈاکٹر احمد نعیم اختر بھی طبی ماہرین کی ٹیم کا حصہ تھے۔

(جاری ہے)

مانوالہ بھٹہ چوک کی رہائشی مریضہ عذرا بی بی 4بچوں کی ماں ہے جس کا شوہر ڈرائیور ہے۔

مریضہ کے جگر کی رسولی کے آپریشن کے تمام تر اخراجات بھی ہسپتال انتظامیہ نے برداشت کئے۔پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹرخالد محمود نے ڈاکٹرسکندر حیات گوندل اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے ہوئے توقع ظا ہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی ان کی بدولت ہسپتال کی نیک نامی میں نہ صرف اضافہ ہو گا بلکہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کے عین مطابق جنرل ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو ایک ہی چھت تلے جدید ترین طریقہ علاج کی سہو لیات دستیاب ہوں گی۔