وزیرداخلہ کی اپنے دورکے تمام کیسزکی عدالتی اسکروٹنی کی پیپلزپارٹی کو دعوت

حکومت سندھ کو کے ایم سی کیس میں ایف آئی اے کے کردار پر تحفظات ہیں تو وہ عدالت جاسکتی ہے،وزارت داخلہ

اتوار 21 فروری 2016 12:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 فروری۔2016ء) وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چودھری نثار نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو ایک مخصوص کیس کے لیے نہیں بلکہ اپنے ڈھائی سالہ دور میں ایف آئی اے کے تمام کیسز کی عدالتی ا سکروٹنی کرانے کی دعوت دی تھی، اگر پی پی لیڈرشپ چاہے تو اگلے ہفتے ہی عدالتی کمیشن اور اسکروٹنی کی درخواست دی جا سکتی ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی رہنما بار بار ایف آئی اے پر بلاجواز تنقید کرکے کرپشن کیسز میں تفتیش کو متنازع بنا رہے تھے، اگر حکومت سندھ کو کے ایم سی کیس میں ایف آئی اے کے کردار پر تحفظات ہیں تو وہ اس کے خلاف عدالت جاسکتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کی طرف سے وزیرداخلہ کی اس دعوت کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ اگر پیپلزپارٹی کی قیادت چاہے تو اگلے ہفتے ہی عدالتی کمیشن اور اسکروٹنی کی درخواست دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیر اعلی سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری کو ایف آئی اے اور نیب کی سندھ میں کاروائیوں پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی دعوت دی ہے جس کو حکومت قبول کرتی ہے۔ سندھ حکومت جلد جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے وفاق کو درخواست دیگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں ایف آئی اے اور نیب اختیارات سے تجاویز کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے کے ایم سی کی 1500 فائلیں لے جا چکی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے ایف آئی اے اور نیب کی سندھ میں کاروائیوں پر غلط فہمیاں دور ہو جائیں گی۔