پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے قائداعظم  کے افکار پر عمل اور انکے تصورات کے مطابق پاکستان کی تعمیر کرنا ہو گی،خواتین رہنماء

قائداعظم کا پاکستان تبھی بنے گا جب ہم ارض پاک کی خدمت کیلئے دن رات ایک کر دیں گے مریم جناح کی برسی کے موقع پر خصوصی نشست میں اظہار خیال

ہفتہ 20 فروری 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 فروری۔2016ء) پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے قائداعظم محمد علی جناح کے افکار پر عمل کرنا ہوگا اور ان کے تصورات کے مطابق پاکستان کی تعمیر کرنا ہو گی۔ قائداعظم کا پاکستان تبھی بنے گا جب ہم ارض پاک کی خدمت کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز خواتین نے نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام قائداعظم کی اہلیہ محترمہ مریم جناح کی برسی کے موقع پر منعقدہ خصوصی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

نشست کا انعقاد تحریک پاکستان ورکرز ٹر سٹ کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ صدارت محترمہ ثریا کے ایچ خورشید نے کی جبکہ مقررین میں بیگم مہناز رفیع، پروفیسر طاہرہ انجم، بیگم صفیہ اسحاق اور ڈاکٹر عمرانہ مشتاق شامل تھیں۔

(جاری ہے)

نظامت کے فرائض ڈاکٹر پروین خان نے انجام دیئے۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت طالبہ میمونہ قمر نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول طالبہ صوفیہ رانی نے پیش کی۔

بیگم ثریا کے ایچ خورشید نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ مریم جناح نے بانی ٴ پاکستان قائداعظم کی زندگی پر بہت مثبت اثرات مرتب کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں قابل اور دیانت دار لوگوں کی کمی نہیں۔ ضرورت انہیں سامنے لانے کی ہے۔ ہمارے سیاسی قائدین کو چاہیے کہ اپنے قومی رہنماؤں کی زندگیوں کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح کے ساتھ گزرے شاندار لمحات کی یادیں بھی تازہ کیں۔

بیگم مہنازرفیع نے کہا کہ محترمہ مریم جناح نے دو سال اسلام کا گہرا مطالعہ کیا اور تب فیصلہ کیا کہ وہ اسلام قبول کر کے قائداعظم سے شادی کریں گی۔ اسلام قبول کر نے کے بعد ان کا نام مریم رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ مریم جناح انتہائی خوبصورت‘ذہین اور باذوق شخصیت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کا مقصد ہی یہ ہے کہ ایسی تقریبات منعقد کی جائیں جن میں قومی شخصیات کے حالات و خدمات سے عام لوگوں کو آگاہ کیا جائے۔

آج کی تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ بیگم صفیہ اسحاق نے کہا کہ محترمہ مریم جناح قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی میں خوشگوار جھونکے کی مانند داخل ہوئیں۔ پروفیسر طاہرہ انجم نے محترمہ مریم جناح کی زندگی کے مختلف گوشوں پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عمرانہ مشتاق نے کہا کہ مریم جناح کی وفات قائداعظم کیلئے ایک بڑا سانحہ تھی۔ انہوں نے مریم جناح کی زندگی کے ایسے پہلوؤں پر تفصیل سے اظہار خیال کیا جو حاضرین کیلئے بالکل نئے اور بہت سی معلومات لئے ہوئے تھے۔نشست کے اختتام پر مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔