وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، امن و امان کی صورتحال اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات کا جائزہ لیا گیا

شہریوں کے محافظوں پرفائرنگ کرنیوالوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،شہداء کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال کی جائیگی‘ فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دینگے‘ سٹریٹ کرائمزکنٹرول کرنے کیلئے فعال انداز سے فرائض سرانجام دیئے جائیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 20 فروری 2016 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 فروری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آج یہاں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور لاہور اور فیصل آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاہور اور فیصل آباد میں فائرنگ کے باعث شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اورشہداء کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے پولیس اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

لاہور اور فیصل آباد میں فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔شہریوں کے محافظوں پرفائرنگ کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اورانہیں قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔وزیراعلیٰ نے دونوں واقعات میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے فیصل آباد اور لاہورمیں فائرنگ کے واقعات کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ امن عامہ کا قیام اولین ترجیح ہے۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اورسماج دشمن عناصر اورجرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ سٹریٹ کرائمزکنٹرول کرنے کیلئے فعال انداز سے فرائض سرانجام دیئے جائیں۔سماج دشمن عناصر اورجرائم پیشہ افرادکیخلاف مزید موثر انداز میں کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔

سرچ آپریشن کوموثر انداز میں تسلسل کیساتھ آگے بڑھایا جائے۔وزیراعلیٰ نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کے قانون پرسختی سے عملدر آمد کرایا جائے۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ایم پی اے جہانگیر خانزادہ اٹک جبکہ فیصل آباد کے سی پی او فیصل آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔