سرکاری ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق

Zeeshan Haider ذیشان حیدر ہفتہ 20 فروری 2016 19:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 20 فروری۔2015ء )محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان(CPSP) پبلک سیکٹر کے ہسپتالوں کے اہم شعبہ جات میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کریں گے تاکہ میڈیکل اور سرجری کے جن شعبوں میں سپیشلسٹس کی کمی ہے ان شعبوں میں فیلو شپ کرنے کے لئے ڈاکٹرز کو ترغیب دی جا سکے۔

یہ فیصلہ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اﷲ چوہدری،CPSP پنجاب چپٹر کے صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل،پروفیسر ایاز اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔پروفیسر ظفر اﷲ چوہدری نے CPSP کے میڈیکل ایجوکیشن سسٹم،FCPS کے پارٹ ون،پارٹ ٹو میں داخلہ کے طریقہ کار اور امتحانی سسٹم بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ CPSP اس وقت میڈیسن اور سرجری کی 73 سپیشلیٹیزاور سب سپیشلیٹیز میں فیلو شپ کی تربیت فراہم کررہا ہے اور چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد جموں وکشمیر سے ڈاکٹرز تعلیم وتربیت حاصل کررہے ہیں۔جن میں سب سے بڑی تعداد صوبہ پنجاب سے ہے۔پروفیسر ظفر اﷲ چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں میڈیکل کے شعبہ میں بہتری لانے کے لئے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہا کہ میڈیسن اور سرجری کے بعض شعبوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی شدید کمی ہے ۔انجم احمد شاہ نے کہا کہ اینستھیزیا،نیفرالوجی،کارڈیک سرجری اور دیگر بہت سے شعبوں میں پی جی آرز کو آنے کے لئے متوجہ کرنے اور ترغیب دینے کی ضرورت ہے ورنہ مستقبل میں ان شعبوں میں ماہر معالجین کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جس کے لئے ابھی سے حکمت عملی وضع کرنے اور اقدمات لینے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرپنجاب اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کم یاب سپیشلسٹیز کے شعبوں میں فیلوشپ کے لئے ڈاکٹرز کو ترغیب دینے کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کریں گے۔علاوہ ازیں ٹیچنگ ہسپتالوں اور میڈیکل کالجوں کے لئے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم (HIMS) بنانے کے لئے CPSP کے آئی ٹی کے ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے اس مقصد کے لئے محکمہ صحت اور PITBکے ماہرین پر مشتمل کمیٹی بنانے اور CPSP سے اس سلسلے میں فوری میٹنگ کرنے کی ہدایت کی۔