رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے ایرانی قونصل جنر ل کی ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

ایران پاکستان میں ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے‘ محمد حسین بنی اسدی

ہفتہ 20 فروری 2016 19:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازسے اسلامی جمہوریہ ایران کے لاہور میں قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے ملاقات کی ۔ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی اس ملاقات میں دو طرفہ امور اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کو قومی سطح پر درپیش مسائل کے حل کیلئے موجودہ قیادت نیک نیتی اور تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

بالخصوص توانائی کے شعبے میں کئی ایک منصوبے زیر تکمیل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ایران برداراسلامی ملک کے علاوہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے ایک دوسرے سے صدیوں پر محیط تعلقات کے حامل ہیں جنہیں موجودہ دور کے تناطر میں مضبوط سے مضبوط تر بنایا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہاکہ دونوں ملکوں کی تاریخی ،تعلیمی اور جغرافیائی حیثیت بھی ایک دوسرے سے مماثلت رکھتی ہے ۔

انہوں نے ایران پر پابندیوں کے خاتمے کے بعد دوبارہ عالمی دھارے میں شامل ہونے پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند امر قراردیا۔انہوں نے کہا کہ علاقائی معاملات افہام و تفہیم سے ہی حل ہونا چاہئیں۔اپنی گفتگو میں ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے پاکستان بالخصوص پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کو سراہا۔انہوں نے ایران کی طرف سے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ بالخصوص ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبے میں نئے منصوبوں کے اجرا میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔