عوام کی فلاح اور بہتری کیلئے پارٹی کے اندر تمام فیصلے باہمی مشورے سے کیے جاتے ہیں ،بلاول بھٹو زرداری

پارٹی قیادت ماضی کی طرح کارکنان اور جیالوں کو تمام فیصلوں میں ساتھ لے کر چلے گی،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

ہفتہ 20 فروری 2016 18:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح اور بہتری کے لیے پارٹی کے اندر تمام فیصلے باہمی مشورے سے کیے جاتے ہیں اور پارٹی قیادت ماضی کی طرح کارکنان اور جیالوں کو تمام فیصلوں میں ساتھ لے کر چلے گی، جاری کردہ بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کی بڑی پارٹی ہونے اور ان کی جڑیں عوام میں ہونے کی وجہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کی جدجہد، قربانیوں، جمہوریت کی بحالی، استحکام اور تحفظ اورملک کے ننگے پاؤں گھومنے والے اور پسماندہ عوام کے حقوق کے لیے کی گئی جدجہد کا کوئی اور مثال نہیں، میڈیا میں آنے والی رپورٹس کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے والد سابق صدر آصف علی زرداری اور میں نے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے اور اس میں ہی ہماری کامیابی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم ایک مکمل باہمی ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی دوران قید بہادری اور بیباکی سے کی گئی جدوجہد کی وجہ سے کارکنان اور عوام نے ہمیشہ انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھا ہے،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعدان کے دانشمندانہ فیصلوں اور ان فیصلوں کی وجہ سے ملک میں جمہوریت کو پٹری پر لانے اور پالیامینٹ کی مضبوطی کے لیے صدر طور اپنے اختیارات منتقل کرنے سے یہ ثابت ہوا کہ آصف علی زرداری نہ صرف پارٹی بلکہ پورے ملک کا ایک عظیم اثاثہ ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تنظیمی تبدیلی ایک مستقل مشق رہی ہے اور پارٹی اندر ایسے تمام فیصلے باہمی مشورے سے کیے جائیں گے تاکہ نئے اور پرانے چہرے مل کر اس ملک سے غربت، جہالت، انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کام کریں۔