حکومت کو نیب کی پنجاب میں کارروائیوں پرسیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں ‘بدعنوان شخص کہیں بھی ہوکارروائی ہونی چاہیے ‘ خورشید شاہ

ہفتہ 20 فروری 2016 13:46

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ حکومت کو نیب کی پنجاب میں کارروائیوں پرسیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں ‘بدعنوان شخص کہیں بھی ہوکارروائی ہونی چاہیے ‘ تمام ادارے پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں ‘ پٹھان کوٹ حملے کے معاملات کا علم نہیں ‘ معاملے پر پارلیمنٹ کو بریف کیا جائے ‘ ایل این جی کی در آمد کے مخالف نہیں ‘ملک میں لانے کے طریقہ کار کے خلاف ہیں ‘ کمپنیز نے ادویات میں اضافے کے بعد سٹے لے لیا ہے ‘حکومت کو بھی عدالت میں جاناچاہیے۔

ہفتہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے، تمام ادارے پارلیمنٹ کوجواب دہ ہیں، پٹھان کوٹ حملے کے معاملات کاعلم نہیں، پٹھان کوٹ کے معاملے پرپارلیمنٹ کو بریف کیاجائے، خورشید شاہ نے کہا کہ قانون ملک کے ہوتے ہیں کسی سیاسی جماعتوں کیلئے نہیں لیکن کسی بھی معاملے پر اقتدار اور اپوزیشن میں ہمارا موقف الگ الگ ہوجاتا ہے، ہم نے 2008 میں اقتدار میں آنے کے بعد نیب کو ختم اور احتساب کمیشن بنانے کی بات کی تھی ‘ 2008 میں نیب کیلئے بجٹ میں رقم نہیں رکھی تھی، نیب کا طریقہ کار ٹھیک کیا جائے، کسی ملزم کو2 سال بعد بے گناہ قرار دیدینا ٹھیک نہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت کو نیب کی پنجاب میں کارروائیوں پر سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں، بدعنوان شخص کہیں بھی ہو کارروائی ہونی چاہیے، وزیراعظم کو اس قسم کی باتیں نہیں کرنی چاہیئے، انہیں چیئرمین نیب کے وزیراعظم سے ملاقات کے انکار کاعلم نہیں۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم ایل این جی کی درآمد کے مخالف نہیں اس کو لانے کے طریقہ کار کے خلاف ہیں، ہم ایل این جی کے لئے 2سال سے لڑ رہے ہیں، ایل این جی دنیا میں وافر مقدار میں موجود ہے لیکن حکومت نے ایک ہی ملک سے 1500 ملین کا معاہدہ کیا، اگر ہم دیگر ممالک سے بھی اس سلسلے میں بات کرتے تو یقینی طور پر ہمیں فائدہ ہی ہوتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حکومت سے پوچھا ہے اور بڑی عجیب بات ہے کہ کمپنیز نے ادویات میں اضافے کے بعد سٹے لے لیا ہے اورحکومت خاموش ہے ‘حکومت کو بھی کمپنیز کے خلاف عدالت میں جانا چاہیے ۔