پاکستان میں داعش کے ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ‘ امریکی محکمہ خارجہ

ہفتہ 20 فروری 2016 13:46

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 فروری۔2016ء) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا ہے کہ پاکستان میں داعش کے ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، افغانستان میں داعش سے متاثرہ گروپوں کی موجودگی البتہ دیکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہاکہ پاکستان میں ایسے علاقے ہیں جہاں اس قسم کی دہشت گرد تنظیموں کی پناہ گاہیں ہیں ‘ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، دہشت گردی سے سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

مارک ٹونر نے کہاکہ واشنگٹن میں ایٹمی سیکورٹی سربراہ کانفرنس میں نواز شریف اور بھارتی وزیر اعظم کی شرکت میں امریکا کے کردار سے متعلق میں کچھ نہیں کہہ سکتا ‘ امریکا بھارتی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کچھ دہشتگرد پاکستان کے قبائلی علاقوں میں بھی چھپے ہوئے ہیں۔ تاہم ہمیں یقین ہے کہ پاک فوج اور پاکستانی قوم ان دہشتگردوں کو مار بھگائیں گے۔