آئندہ اڑھائی برس میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے‘صاف پانی پراجیکٹ کے ذریعے پنجاب کی 4 کروڑ دیہی آبادی کو پینے کا صاف پانی مہیا ہوگا‘ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح صاف پانی پراجیکٹ بھی شفافیت اوراعلی معیار کی مثال ہوگا‘پینے کا صاف پانی شہریوں کا بنیادی حق ہے،ہم صاف پانی پراجیکٹ کے ذریعے یہ حق شہریوں کو دیں گے

وزیراعلیٰ پنجاب میا ں شہباز شریف کا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

جمعہ 19 فروری 2016 21:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور آئندہ اڑھائی برس کے دوران صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے۔پراجیکٹ مکمل ہونے سے پنجاب کی 4 کروڑ سے زائد دیہی آبادی کو پینے کا صاف پانی مہیا ہوگا۔

دور آمریت میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے نام پر عوام سے دھوکہ کیا گیا اور اربوں روپے کی لوٹ کھسوٹ کی گئی جبکہ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح صاف پانی پراجیکٹ بھی شفافیت اوراعلی معیار کی مثال ہوگا اور عوام کو پینے کے صاف پانی کا حق دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں صاف پانی پراجیکٹ پر پیش رفت کے حوالے سے مختلف امو رکا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی تک رسائی شہریوں کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت صاف پانی پراجیکٹ کے ذریعے یہ حق شہریوں کو دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی عوام کو معیاری اور صحت بخش سہولتوں کی جانب اہم اقدام ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے گندے پانی سے جنم لینے والی بیماریوں کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے لہٰذا اس منصوبے پر پیشہ وارانہ انداز میں کام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو بھی پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح اعلیٰ معیار اور شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی ایم پی اے محمد کاشف پڈھیار، ایم پی اے انجینئر قمرالاسلام، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر صاف پانی کمپنی اور متعلقہ حکام نے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل ، سیکرٹری قانون اور متعلقہ حکام ماڈل ٹاؤن سے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :