اقوام عالم بے گناہ شامیوں کے قتل عام کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ‘ پاکستان علماء کونسل

شام ، عراق اور یمن میں بیرونی مداخلتوں اور عالمی دہشتگرد تنظیموں کیوجہ سے پوری ملت اسلامیہ اور عالمی امن خطرے میں ہے

جمعہ 19 فروری 2016 21:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء ) اقوام عالم شام کی صورتحا ل پر اپنا کردار ادا کریں، گزشتہ چند دنوں کے دوران روسی بمباری سے شام کے ہسپتالوں اور سکولوں کو تباہ کیا گیا ہے جو پوری عالم انسانیت کیلئے تکلیف دہ ہے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ہونے والے جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں خطاب کرتے ہوئے علماء نے اپنے خطابات میں کہی ۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور ، مولانا ایوب صفدر گجرانوالہ ، مولانا عبد الکریم ندیم خان پور ، مولانا عبد الحمید وٹو قلعہ دیدار سنگھ ، مولانا حافظ محمد امجد فیصل آباد ، مولانا نعمان حاشر راوالپنڈی ، مولانا عبد الحمید صابری اسلام آباد، مولانا اسعد زکریا کراچی ، مفتی عبد الوحید کوئٹہ ، مولانا خلیل احمد سراج ڈیرہ اسماعیل خان ، مولانا انوارالحق مجاہد ملتان ، مولانا وقار عثمانی سرگودھا، مولانا شفیع قاسمی ساہیوال ، مولانا سعد اﷲ ٹوبہ ٹیک سنگھ ، مولانا عمر عثمانی گجرات ، مفتی عمر فاروق خانیوال، سید عبد الغفار شاہ حجازی لودھراں ، مولانا احمد مکی مظفر گڑھ، مولانا طارق ندیم عارف والا، مولانا شکیل الرحمن اوکاڑہ ، میاں راشد منیر سیالکوٹ، مولانا رسال الدین آزاد قصور، مولانا محمد مشتاق لاہوری ، مولانا فہیم الحسن شیخوپورہ ، حاجی محمد طیب ننکانہ ، مولانا اعظم فاروق فیصل آباداور دیگر نے مختلف شہروں میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان بے گناہ شامیوں کے قتل عام کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ شام میں داعش کے نام پر بے گناہ شامیوں کا قتل عام بند کروائے ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ شام ، عراق اور یمن میں بیرونی مداخلتوں اور عالمی دہشت گرد تنظیموں کی دہشت گردی کی وجہ سے پوری ملت اسلامیہ اور عالمی امن خطرے میں ہے ۔ ایران اور روس سمیت تمام ممالک کو شام ، عراق اور یمن میں مداخلت بند کرنی چاہیے۔ جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں ترکی اور پاکستان میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کی گئی اور داعش کے خلاف قائم عالمی اسلامی عسکری اتحاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بننے والے عالمی اتحاد میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :