خیبر پختونخوا میں 21فروری کو ہونیوالے ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے انتظامات مکمل

مجموعی طور پر 289پولنگ سٹیشن کو انتہائی حساس ، 232کو حساس، 88کو نارمل قرار دیا گیا

جمعہ 19 فروری 2016 19:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء) خیبر پختونخوا میں 21فروری 2016کو ہونیوالے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، مجموعی طور پر 289پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس ، 232کو حساس جبکہ 88کو نارمل قرار دیا گیا ہے خیبر پختونخوا میں 21فروری 2016 کو ہونیوالے ضمنی بلدیاتی انتخابات جو کہ سانحہ چارسدہ کی وجہ سے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردئے گئے تھے، کا انعقاد پر امن اور مثالی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

ووٹرز کی سیکورٹی کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات تسلی بخش ہیں۔ اور توقع ہے۔ کہ یہ ضمنی انتخابات پر امن اور خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل کو پہنچیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری ہوم ، کیپٹن (ر) منیر اعظم، سیکرٹری بلدیات جمال الدین شاہ، ڈی آئی جی آپریشن، عبداﷲ، ایف سی کے ڈی آئی جی گل سید ، ڈائریکٹر جنرل ایڈمن الیکشن کمیشن ، ڈاریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ ایڈیشنل ، ڈائریکٹر جنرل ایڈمن، جائنٹ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ الیکشن صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کے دفتر کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ہوم نے کہا۔ کہ اس ضمنی انتخابات کو پر امن انداز میں کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل در آمد کیا جا رہا ہے۔ اور ماضی کے بر عکس اس دفعہ مثالی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشن نے اجلاس کو بتایا کہ مجموعی طور پر 289پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس ، 232کو حساس جبکہ 88کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

امن و امان کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر اضافی سیکورٹی کی نفری تعینات کی جارہی ہے اور ووٹرز کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹر ی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن صوبائی حکومت کی جانب سے ضمنی انتخابات کو پر امن انداز میں منعقد کرنے کے لئے ان کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہے۔ اور توقع ہے کہ کسی بھی سٹیج پر کوئی کوتاہی نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے کہا۔ کہ الیکشن کمیشن معاشرے کے ہر طبقہ اور خاص طور پر بزرگ اور سپیشل شہریوں اور خواتین کے لئے پولنگ کے دن خصوصی اقدامات کریگی۔ انہوں نے اس حوالہ سے شعور بیدار کرنے کے لئے میڈیا، سول سوسائٹی اور تمام اداروں سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ 23اضلاع میں ہونیوالے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 828امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

139ویلیج \نیبرہوڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر 443امیدوار،خواتین کی نشستوں پر 200،مزدوراور کسان کی نشستوں پر 56امیدوار، نوجوانوں کی نشستوں پر 47 اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر 4امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع کونسلوں کے 7وارڈز کے جنرل نشستوں پر 35امیدوار جبکہ تحصیل کونسلوں کے 8 وارڈز کی جنرل نشستوں پر 43امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ واضح رہے۔ کہ اس ضمنی انتخابات میں 574امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ جن میں ویلیج /نیبرھوڈ کونسلوں کی جنرل نشستوں پر 61امیدوار،خواتین کی 467،مزدور اور کسان کے 4، نوجونوں کے 8جبکہ اقلیتی نشستوں کے 33امیدوار شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :