ہنگو میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کی تیاریاں جاری ،18پولنگ سٹیشنز پر 1440 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے

جمعہ 19 فروری 2016 17:49

ھنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) ھنگو میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ،ضلع بھر کے18پولنگ سٹیشنز پر 1440 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔21فروری کو ضمنی اور خالی نشستوں پر انتخابات میں جنرل کونسل کی سات اورتین خواتین نشستوں پر پولنگ ہو گی ۔الیکشن کمیشن انتظامیہ کے مطابق ھنگو میں اقلیت کی چار نشستوں پر بھی بلا مقابلہ انتخاب ہو گیا ہے جبکہ 21فروری کوضمنی اور خالی نشستوں پر پولنگ کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ہنگو کے علاقہ خٹک بانڈہ جبکہ تحصیل ٹل کے علاقوں سروزئی،نریاب ،کربوغہ شریف،محمد زئی اورچھپری وزیران میں18پولنگ سٹیشنز اور58پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں حکومت کی جانب سے سات پولنگ سٹیشنز حساس جبکہ گیارہ پولنگ سٹیشنز حساس ترین قرار دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاہ نظر کے مطابق الیکشن کے سلسلے میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دینے کے بعد ہر پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر 80پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔

پولیس کے ساتھ ساتھ فرنٹیئر کور اور فرنٹیئر کانسٹبلری کے دستے بھی تعینات کئے جائیں گے۔یاد رہے کہ یہ بلدیاتی ضمنی اور خالی نشستوں پر انتخابات 23جنوری ہونے تھے لیکن چارسدہ میں سانحہ باچا خان یونیورسٹی کے بعد حکومت کی جانب سے ملتوی کئے گئے تھے ۔ واضح رہے کہ وارڈ طورہ وڑی سے عوامی نیشنل پارٹی کے ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبرملک ممتاز ایک دہشت گردی کے حملے میں شہید کر دیے گئے تھے،جن کی نشست پر عوامی نیشنل پارٹی نے نور سعید کو ٹکٹ دیا جن کے مقابلے میں کسی اور امید وار نے کاغزات جمع نہیں کرائے اس طرح نور سعید بلا مقابلہ ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبر منتخب ہو گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :