صوبے میں تاریخی ورثہ کی حفاظت اور بحالی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے‘وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک

وزیر اعلیٰ کی متعلقہ حکام کو تاریخی مقامات اور عمارتوں کی بحالی و مرمت کیلئے جامع منصوبہ 2 ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت

جمعہ 19 فروری 2016 17:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں تاریخی ورثہ کی حفاظت اور بحالی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے تاریخی مقامات اور عمارتوں کی بحالی و مرمت کیلئے ایک جامع منصوبہ دو ہفتوں کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پشاور کے تاریخی ورثہ کی بحالی و حفاظت سے متعلق منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق غنی، ممبر صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی، سیکرٹری ثقافت، چیئرمین انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹکٹس پاکستان، ضلع ناظم پشاور اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹکٹس پاکستان محمد خالد نے اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پشاور میں تاریخی مقامات اور عمارتوں کے تاریخی پس منظر، موجودہ صورتحال، ان کی بحالی کی ضرورت اور صوبے کی سیاحت و معیشت پر اس کے مثبت اثرات پر تفصیل سے روشی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سلسلے میں مجوزہ اصلاحات اور ان کے ممکنہ نتائج سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ تاریخی ورثہ کی حفاظت و بحالی پر حکومت کا م کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے سلسلے میں انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹکٹس پاکستان و دیگر متعلقہ حکام سے مشاورت کرکے طویل، درمیانی اور مختصر مدت کے منصوبے دو ہفتوں کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی تا کہ اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پشاور کی ماضی کی رونق کو بحال کرنے اور عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمہ کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :