وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی صوبے کیلئے مختص بجلی کوٹہ کے درست استعمال کو یقینی بنانے کیلئے واضح لائحہ عمل اختیار کرنے کی ہدایت

جمعہ 19 فروری 2016 17:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے کیلئے مختص بجلی کے کوٹہ کے درست اور فعال استعمال کو یقینی بنانے کیلئے واضح لائحہ عمل اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تا کہ عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی جا سکے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں چیف ایگزیکٹیو پیسکو انوار الحق یوسفزئی اور چیئرمین پیسکو بورڈ ملک اسد گفتگو کر رہے تھے۔

وزیرعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کیلئے بجلی کے مختص کوٹے کا مناسب استعمال اور ناروا لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے لئے مختص کوٹے کی تقریباً 600میگا واٹ بجلی کا صوبے میں استعمال نہ ہونا ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختص کوٹے کے مکمل استعمال کو یقینی بنا کر صوبے میں اوورلوڈنگ اور لوڈشیڈنگ کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے جس کیلئے پختہ عزم اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس مقصد کیلئے بجلی کے استعمال اور دوسرے امور سے متعلق تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں بجلی کے موجودہ استعمال اور لوڈ شیڈنگ کی رپورٹ بھی طلب کی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پیسکو حکام سے ملکر صوبے میں بجلی سے متعلق مسائل کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مذکورہ مقاصد کے حصول کیلئے دستیاب وسائل کے نتیجہ خیز استعمال کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ اس موقع پر چیف پیسکو نے مذکورہ مقاصد کے حصول کیلئے اپنی طرف سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے ضلع چارسدہ کے متنازعہ علاقہ جات کے مسائل سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے موقع پر تمام متنازعہ مسائل متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ رکن صوبائی اسمبلی عارف احمد زئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ، سیکرٹری داخلہ کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے اجلاس میں شرکت کی۔