نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس: سابق مشیربرائے پٹرولیم وقدرتی وسائل ڈاکٹر عاصم حسین،ایم پی اے سردار آصف نکئی، رسول بخش سولنگی اور نذیر عباس کیخلاف کرپشن کے الزامات میں نئے ریفرنس دائرکرنے کا فیصلہ، ڈاکٹر عاصم کیخلاف قدرتی گیس کوٹہ میں غیر منصفانہ تقسیم،منی لانڈرنگ سمیت سرکاری زمینوں کے ٹھیکوں میں غیرقانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 10ارب اور رسول سولنگی کے خلاف 1.26ارب کا نقصان پہنچانے،نذیرعباس کیخلاف طلباء کو آسٹریلوی ویزہ کا جھانسہ دیکر 76کروڑ روپے ہتھیا نے جبکہ سردار آصف نکئی کیخلاف المدینہ گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں بڑے پیمانے پر فراڈ کرنے کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 فروری 2016 16:54

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس: سابق مشیربرائے پٹرولیم وقدرتی وسائل ڈاکٹر ..

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19فروری۔2016ء) نیب کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیب نے ڈاکٹر عاصم حسین سمیت نذیر عباس،ایم پی اے سردار آصف نکئی اور رسول بخش سولنگی کے خلاف کرپشن کے مختلف الزامات میں نئے ریفرنس دائرکرتے ہوئے دوبارہ تحقیقات کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف نئے ریفرنس دائر کرتے ہوئے قدرتی گیس کوٹہ میں غیر منصفانہ تقسیم،منی لانڈرنگ سمیت سرکاری زمینوں کے ٹھیکوں میں غیرقانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کروائی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف مختلف الزامات کے تحت نیا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ڈاکٹر عاصم کے سرکاری زمینوں کے غیرقانونی ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں کے باعث قومی خزانے کو 10ارب کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ڈاکٹر عاصم کے خلاف جامشورو جوائنٹ وینچر کو فائدہ پہنچانے کا بھی الزام ہے۔نیب کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ایم پی اے سردار آصف نکئی کے خلاف بھی کرپشن کے مقدمات میں دوبارہ تحقیقات کی منظوی بھی دیدی گئی ہے۔

سردار آصف نکئی نے المدینہ گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں بڑے پیمانے پر فراڈ کیا ہے ۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے آسٹریلوی ہائی کمیشن کی درخواست پر نذیر عباس کے خلاف بھی کرپشن سکینڈل میں ملوث پائے جانے کی تحقیقات کی منظوری دی ہے ۔نذیرعباس نے 106پاکستانی طلباء سے آسٹریلوی ویزہ کا جھانسہ دے کر 76کروڑ روپے ہتھیا لیے ہیں۔نیب ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ رسول بخش سولنگی نے بھی قومی خزانے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔نیب نے رسول سولنگی کے خلاف 1.26ارب روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر دوبارہ تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔یاد رہے نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ان تمام افراد کے خلاف نئے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔