پاکستان نے پٹھان کوٹ واقعے کا مقدمہ درج کرکے اپنی سنجیدگی ظاہرکردی، بھارت کو شکوک ہ شبہات سے نکلنا ہوگا ‘ رانا ثناء اللہ

جمعہ 19 فروری 2016 15:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے پٹھان کوٹ واقعے کا مقدمہ درج کرکے اپنی سنجیدگی ظاہرکردی، بھارت کو شکوک ہ شبہات سے نکلنا ہوگا ،ایپکس کمیٹی میں دہشت گردی کی تمام اقسام پربات کی جاتی ہے،دہشت گردی اسی وقت ختم ہوگی جب بھارت اورافغانستان بھی ایک پیچ پرہوں گے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ک پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے بھارت کی جانب سے دی جانے والی ابتدائی معلومات کے باعث پاکستان نے مقدمہ درج کیا جو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی سنجیدگی کو ظاہرکرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار واقعے کی تحقیقات سے متعلق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی)بنے گی جس میں تمام عسکری اورسول لا انفورسنگ اورانٹیلی جنس ایجنسیز کے لوگ ہونگے، اب بھارت کو شکوک ہ شبہات سے نکلنا ہوگا لیکن بھارت کی جانب سے اورثبوت دیئے گئے تو مزید کارروائی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پٹھان کوٹ کے حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں گی کہ وہ کون لوگ ہیں جو یہ عمل کررہے ہیں، ان کا تعلق بھارت سے ہے یا وہ پاکستان پر الزام لگانا چاہتے ہیں، ہمیں اپنے عمل سے ثابت کرنا ہوگا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت میں قبول نہیں، ایپکس کمیٹی میں دہشت گردی کی تمام اقسام پربات کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اسی وقت ختم ہوگی جب بھارت اورافغانستان بھی ایک پیچ پرہوں گے، ہم خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔واضح ر ہے کہ پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں 6نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔