پاکستان کی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ،پاکستان پٹھان کوٹ معاملے پر سنجیدہ ہے اور پٹھان کوٹ حملے کا مقدمہ بھارت کی جانب سے دی جانے والی ابتدائی رپورٹ پر درج کیا گیا ،باچا خان یونیورسٹی حملے پر دوسرے ممالک بھی سنجیدہ رویہ اپنائیں

وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 19 فروری 2016 14:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ،پاکستان پٹھان کوٹ معاملے پر سنجیدہ ہے اور پٹھان کوٹ حملے کا مقدمہ بھارت کی جانب سے دی جانے والی ابتدائی رپورٹ پر درج کیا گیا ہے،باچا خان یونیورسٹی حملے پر دوسرے ممالک بھی سنجیدہ رویہ اپنائیں۔

وہ جمعہ کو لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کرے گی اس لیے بھارت کو شکوک و شبہات سے باہر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر ریاستی عناصر کی تعداد بہت کم ہے۔”پنجاب میں نان سٹیٹ ایکٹرز گنے چنے ہیں “کسی غیر ریاستی عناصر کو پاکستان کے امیج سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت پاکستان ،پاک فوج اور قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے تاہم اگربھارت اور افغانستان سمیت خطے کے دیگر ممالک بھی دہشتگردی کیخلاف ایک پیج پر آجائیں تو اس خطے میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مقدمہ درج کرکے سنجیدگی کا مظاہر ہ کیا تاہم باچا خان یونیورسٹی حملے پر دوسرے ممالک بھی سنجیدہ رویہ اپنائیں، پٹھان کوٹ حملے کا مقدمہ پاکستان کیخلاف پراپگینڈا کرنے والوں کا منہ بند کر دے گا۔تحقیقاتی ٹیم کو اختیار ہو گا کہ معلومات پر تحقیقات کرے۔