نائیکی نے مینی پیکیو کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا

جمعہ 19 فروری 2016 12:11

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء)کھیلوں کا سامان بنانے والی امریکہ کی معروف کمپنی نائیکی نے باکسنگ کے عالمی چیمپیئن مینی پیکیو کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا ہے۔نائیکی کا یہ اقدام پیکیو کی جانب سے ہم جنس پرستوں کو جانوروں سے بدتر قرار دینے کے بیان کے بعد سامنے آیا ۔37 سالہ مینی پیکیو فلپائن کی سینیٹ کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں، اور انھوں نے بعد میں اپنے بیان پر معافی مانگی ہے۔

ادھر نائیکی نے ایک بیان میں مینی پیکیو کے تبصرے کو مکروہ قرار دیا ہے۔نائیکی کے مطابق ہم ایل جی بی ٹی (گے، لیزبیئن، بائی سیکشوئل، ٹرانس سیکشوئل) کمیونٹی کے ساتھ روا رکھے جانے والے کسی بھی تعصب کی مخالفت کرتے ہیں۔کھیلوں کا سامان بنانے والی کمپنی کے مطابق ہم نے مینی پیکیو کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کر دئیے ہیں مینی پیکیو نے یہ بیان ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران دیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد انھوں نے انسٹا گراہم پر لکھا کہ میں سچ بتا رہا تھا اور بائبل نے بھی یہی بتایا ہے تاہم اس کے بعد انھوں نے فیس بک پر لکھا کہ میں نے ایل جی بی ٹی کمیونٹی کی مذمت نہیں کی ‘ تاہم میں ہم جنس شادیوں کے خلاف ہوں۔مینی پیکیو گذشتہ برس مئی میں فلوئڈ مے ویدر سے ہونے والا مقابلہ ہار گئے تھے اور اب وہ اپریل میں ٹموتھی بریڈلی سے مقابلہ کریں گے۔