شکار کا تڑپنا بتاتا ہے کہ تیر نشانے پر لگا ہے،نیب کو محدود کرنے کی سازش حکمرانوں کے زوال کی بنیاد بنے گی‘ نیب کو قومی تائید حاصل ہے‘اسے صاف شفاف ،آزاد غیر جانبدار ہونا چاہیے

جمعیت علما اہل حدیث پاکستان کے سربراہ قاضی عبدالقدیر خاموش کامجلس عاملہ سے خطاب

جمعرات 18 فروری 2016 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء) جمعیت علما اہل حدیث پاکستان کے سربراہ قاضی عبدالقدیر خاموش نے وز یر اعظم کے بعد پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اﷲ خان کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قومی احتساب بیورو اور نیب چیرمین کو قوم کی تائید حاصل ہے۔ اس ادارے کو صاف شفاف اور غیر جانبدار ہونے کے ساتھ آزاد بھی ہونا چاہیے۔

نیب کو محدود کرنے کی کوئی بھی سازش حکمرانوں کے زوال کی بنیاد بنے گی۔ مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ ماضی میں نیب کو سیاسی انتقام کے لئے مخالفین کو دبانے کے لئے استعما ل کیا جاتار ہا ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن اور جنرل پرویز مشرف کے ادوار حکومت بہت بدنام رہے ہیں۔ شرفا کی پگڑیاں اچھالی جاتی ر ہیں، لیکن اٹھارہویں ترمیم کے بعد پارلیمنٹ نے جو اختیارات نیب کو دیے ہیں، حکمرانوں کو ہضم نہیں ہورہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قوم لٹیروں کا احتساب صاف شفاف اور آزادانہ طریقے سے چاہتی ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں، مگر وزیر اعظم کے بعد شاہ سے زیاد ہ شاہ کے وفادار جیسے چاپلوسی کردار کے حامل وزیر قانون پنجاب رانا ثنااﷲ خان کی دھمکی سے واضح ہوگیا ہے کہ حکومت کے ارادے کیا ہیں؟ وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شکار کا تڑپنا بتاتا ہے کہ تیر نشانے پر لگا ہے۔ نیب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، اس ادارے کو آزادانہ اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر کام کرنے دیا جائے، تاکہ معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوسکے، ورنہ جو لوٹ مار کرتا ہے، ہاتھ نہیں آتا۔ اگر حکومت نے نیب کے معاملات میں مداخلت جاری رکھی تو یہ اس کے زوال کی بنیاد بن جائے گی۔

متعلقہ عنوان :