گیس سلنڈر دھماکوں کے جتنے بھی واقعات غیرمعیاری سلنڈروں کے استعمال کی وجہ سے ہوتے ہیں ، صرف منظور شدہ کمپنیوں کو گیس سلنڈر بنانے کی اجازت ہے ، ایل پی جی کی قیمت کے کنٹرول میں بہتری آئی ہے، حکومت اوگرا اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے غیر معیاری سلنڈروں کے استعمال کو روکنے کیلئے مانیٹرنگ بڑھائے گی

وزیر مملکت برائے پٹرولیم وقدرتی وسائل جام کمال کاسینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب

جمعرات 18 فروری 2016 21:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم وقدرتی وسائل جام کمال نے کہاہے کہ گیس سلنڈر کے دھماکوں کے جتنے بھی واقعات ہوتے ہیں وہ غیرمعیاری سلنڈروں کے استعمال کی وجہ سے ہوتے ہیں ، حکومت سے منظور شدہ کمپنیوں کو گیس سلنڈر بنانے کی اجازت ہے ، ایل پی جی کی قیمت کے کنٹرول میں بہتری آئی ہے، حکومت اوگرا اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے غیر معیاری سلنڈروں کے استعمال کو روکنے کیلئے مانیٹرنگ بڑھائے گی۔

جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر چوہدری تنویر خان نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا کہ غیرمعیاری سلنڈروں میں کئی افراد زخمی اورفوت ہوئے اور انتظامیہ کی طرف سے غیر قانونی ری فلنگ سٹیشنوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے سے متعلق انتہائی عوامی اہمیت کے حامل معاملے کی جانب سے توجہ مبذول کروائی۔

(جاری ہے)

سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ ناقص سلنڈروں کے کاروبار میں اضافہ ہوا، ناقص سلنڈروں کی خریدوفروخت کو روکاجائے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے پٹرولیم وقدرتی وسائل جام کمال نے کہا کہ سلنڈر دھماکوں کے جتنے بھی واقعات ہوئے وہ غیر معیاری سلنڈروں کے استعمال کی وجہ سے ہوئے ہیں، گیس سلنڈر صرف حکومت سے منظور شدہ کمپنیوں کو بنانے کی اجازت ہے، ایل پی جی کی قمیت کے کنٹرول میں کمی آئی ہے اوگرا اور حکومت اپنا کردار ادا کر رہی ہے، صوبوں کی مقامی انتظامیہ کو مانیٹرنگ کرنے کی ضرورت ہے ، وفاقی حکومت اوگرا اور صوبائی حکومت جعلی اور غیر معیاری سلنڈروں کے استعمال کو روکنے کیلئے مانیٹرنگ بڑھائے گی۔