اسلامی یونیورسٹی اور ر انفارمیشن سروس اکیڈمی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جامعہ اکیڈمی افسران کو ما س کمیونیکشن میں ایک سالہ ڈپلومہ کورس کرائے گی، تربیتی پروگراموں کے اجراء پر بھی اتفاق

جمعرات 18 فروری 2016 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء ) بین الاقوامی یونیورسٹی اسلام آباد اور انفارمیشن سروس اکیڈمی ، وزارت اطلاعات و نشریات کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے جس کے تحت اسلامی یونیورسٹی اکیڈمی کے انفارمیشن گروپ افسران کو شعبہ ما س کمیونیکشن میں ایک سالہ ڈپلومہ کورس کرائے گی۔ اس مفاہمت کی یادداشت پردستخط جمعرات کے روز جامعہ کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اور اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل شیراز لطیف نے اکیڈمی میں منعقدہ ایک تقریب میں کیے۔

باہمی معاہدے کی رو سے یہ ڈپلومہ اکیڈمی کے افسران کو اسلامی یونیورسٹی کا شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکشن اسٹڈیز کرائے گاجس میں ڈپلومہ کورس شرکاء کو صحافت، ابلاغ عامہ، تعلقات عامہ ، سٹرٹیجک کمیونیکشن اور دیگر اہم مضامین پڑھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اطراف نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ دو طرہ تعاون سے قومی و علاقائی سطح پر تربیتی پروگراموں کا بھی اجراء کیا جائے گا جبکہ دونوں ادارے شعبہ صحافت میں تربیتی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کو بھی جاری رکھیں گے۔

معاہدے کے تحت جامعہ اپنے فیکلٹی ماہرین کی مدد سے اکیڈمی کے افسران کو پڑھایا جانے وال سلیبس بھی تجویز کرے گی۔ یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ انفارمیشن سروس اکیڈمی اور اسلامی یونیورسٹی کے درمیان باہمی تعاون ماہر اور بہترین میڈیا پیشہ ور افراد کی تشکیل میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا جو کہ اس کورس کے ذریعے اسلام اور پاکستان کے خلاف پھیلایا جانے والا غلط تاثر ختم کرنے کی صلاحیت سے بھی مزین ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی کی اولین ترجیح ایسے پر امن افراد کو تیار کرنا ہے جو اسلام کی اقدار سے روشناس ہوں اور جامعہ ایسے دو طرفہ تعاون کے ذریعے اسلام کا پیغام امن عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ صدر جامعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب تاریخی تعلقات کے متحمل ہیں اور یہ بردرانہ تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے حکمران اور عوام ایک دوسرے کے لیے دلوں میں بے پناہ محبت رکھتے ہیں ۔

اس موقع پر پر انہوں نے اس معاہدے کو عملی شکل میں لانے کے لیے شعبہ میڈیاا ینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر اقبال کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی شیراز لطیف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دو طرفہ اشترک معاشرے کی خدمت میں اقدامات کی ایک کڑی ہے جو کہ تجربات کے تبادلے کے بعد میڈیا میں درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں سود مند ثابت ہو گا۔

تقریب سے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات نے بھی خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ دو طرفہ تعاون کا معاہدہ اسلام اور پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کے سدباب کی ایک اہم کاوش ہے ۔ تقریب میں وزارت و اکیڈمی کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ جامعہ کے نائب صدر محمد بشیر خان، ڈینز ،ڈائریکٹر جنرل اور دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔