موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی تمام تر توجہ عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی پر مبذول ہے ‘ حکومت نے اپنے پہلے اڑھائی سالہ دور میں جتنے ریکارڈ ٹائم میں ترقیاتی کام مکمل کئے ہیں اُس کی ماضی میں مثال موجود نہیں

مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء و سابق رکن قومی اسمبلی محمد عارف چوہدری کی پریس کانفرنس

جمعرات 18 فروری 2016 20:17

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء و سابق رکن قومی اسمبلی محمد عارف چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی تمام تر توجہ عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی پر مبذول ہے ۔ حکومت نے اپنے پہلے ڈھائی سالہ دور میں جتنے ریکارڈ ٹائم میں ترقیاتی کام مکمل کئے ہیں اُس کی ماضی میں مثال موجود نہیں ۔

اقتصادی راہداری منصوبے سمیت اورنج لائن اور میٹروبس پرواویلا کرنے والوں کو مستقبل میں اپنی ناکامی صاف دکھائی دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد عارف چوہدری نے کہا کہ ضلعی سطح پر ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے چیر مین اور وائس چیر مین کے ناموں کو باہمی مشاورت سے طے کر لیا جائے گا ،حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) نے جو بھرپور کامیابی سمیٹی ہے وہ موجودہ حکومت پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن بلا جواز موجودہ حکومت کے تعمیری کاموں میں رکاوٹ ڈال کر مشکلات پیدا کررہی ہے کیونکہ انہیں بخوبی علم ہے کہ اگر حکومت یہ منصوبے مکمل کرگئی تو اُن کا مستقبل تاریک ہوکر رہ جائے گالیکن اِنشاء اﷲ تمام تر سازشوں اور مخالفتوں کے باوجود بھی حکومت وقت مقررہ پر تمام جاری منصوبوں کو پایہ تکمیل پر پہنچائے گی جسکے بعد مخالفین کے منہ خود بخود بند ہو جائیں گے ۔ 2018 ؁ء کے اِنتخابات اِنشاء اﷲ ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی وفتح کا جشن لے کر آئیں گے اور نوازشریف ہی بتدریج اس ملک کے وزیر اعظم رہیں گے

متعلقہ عنوان :