ایم کیو ایم کا پارٹی قائد کی تقاریر اور تصاویر پر پابندی کے خلاف 4روزہ علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان

بطور سیاسی جماعت سمجھتے ہیں ہمارے ساتھ انصاف نہیں ہورہا اور لاہور ہائیکورٹ نے ہمیں بنیادی حق سے محروم کردیا،ڈاکٹرفاروق ستار

جمعرات 18 فروری 2016 19:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ نے پارٹی قائد الطاف حسین کی تقاریر اور تصاویر پر پابندی کے خلاف 4 روزہ علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔جمعرات کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینرڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم بطور سیاسی جماعت سمجھتی ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف نہیں ہورہا اور لاہور ہائیکورٹ نے ہمیں بنیادی حق سے محروم کردیا۔

(جاری ہے)

جمہوری دور میں اس طرح کا عمل سمجھ سے بالاترہے، بلیک آٹ سے سیاسی خلا پیدا ہوگا جس سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد کی تقاریر پر پابندی کے خلاف جمعہ سے 22 فروری تک کراچی پریس کلب کے باہرعلامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی اور کارکنان صبح 11 بجے سے رات 11 بجے تک علامتی بھوک ہڑتال کریں گے۔فاروق ستار نے کہا کہ قائد ایم کیو ایم نے عہد کیا ہے کہ آئندہ احتیاط کریں گے تاکہ بلاوجہ ملک دشمنی کے الزامات نہ لگائے جائیں جب کہ انہوں نے اپیل کی کہ آرٹیکل 19 کے تحت قائد ایم کیو ایم کی تقاریراور تصاویر پر عائد پابندی ختم کی جائے۔