یکساں نصاب ، نظام تعلیم اور امتحانات کے طریقہ کار کے حوالے سے انٹر بورڈز کمیٹی آف چیئر مین اہم ادار ہے ،گورنر سندھ

جدید ترین تقاضوں اور ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیمی نصاب پر مسلسل نظر ثانی کی ضرورت ہو تی ہے،ڈاکٹرعشرت العباد خان کی وفد سے گفتگو

جمعرات 18 فروری 2016 19:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ یکساں نصاب ، نظام تعلیم اور امتحانات کے طریقہ کار کے حوالے سے انٹر بورڈز کمیٹی آف چیئر مین ( آئی بی سی سی) ایک اہم ادارہ ہے جس کی سفارشات سے حکومت کو ان شعبوں میں مسلسل رہنمائی حاصل ہو تی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی بی سی سی کے اجلاس سے شرکاء سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔

اس موقع پر آئی بی سی سی کے چیئر مین پروفیسر انوار زئی اور انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کے چیئر مین محمد اختر غوری بھی موجو د تھے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین تقاضوں اور ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیمی نصاب پر مسلسل نظر ثانی کی ضرورت ہو تی ہے تاکہ اسے طالب علموں کے لئے مزید مفید اور کار آمد بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر تین ماہ بعد آئی بی سی سی کے اجلاس کا نعقاد ان تمام شعبوں میں مشاورت اور یکساں سفارشات کی تیاری میں مدد گار ثابت ہو تا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور تمام دنیاسمٹ کر حقیقی معنوں میں گلوبل ولیج بن چکی ہے کیونکہ انٹر نیٹ کی بدولت ایک صرف ایک کلک کے ذریعہ دنیا کے کسی بھی حصہ تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نصاب میں طالب علموں کی ذہنی صلاحیتوں کو جلاء بخشنے والا مواد شامل کرنا ضروری ہے تاکہ وہ ریسر چ کے لئے نئے میدان تلاش کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ امتحانات کے انعقاد اور نتائج کی تیاری کے پورے عمل کے دوران انسانی عمل دخل کو کم سے کم کرنا ہوگا اور آٹو میشن کو فروغ دینا ہو گا تاکہ طالب علموں کو ملک کی ترقی و خوشحالی کے عمل میں شریک کیا جاسکے ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مزید کہا کہ تمام بورڈز پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہو تی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ بورڈز سے منسلک تعلیمی اداروں کے امتحانی نتائج پر بھی گہری نظر رکھیں اور ان کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ انکے نتائج کو مزید بہتر بنایا جاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن کے باعث شہر میں امن و امان کی صورتحال نمایاں طورپر بہتر ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہر میں ثقافتی ، سماجی ، تعلیمی اور تفریحی سرگرمیاں پھر سے فروغ پا رہی ہیں ، جو کہ نہایت خو ش آئند بات ہے ۔ انہوں نے ملک کے دیگر شہروں سے آئے ہوئے چیئر مینز سے کہا کہ وہ شہر میں اپنے قیام کے دوران اس بات کو واضح طور پر محسوس کریں گے کہ کراچی اب ایک پر سکون شہر ہے جس کی رونقیں پھر سے لو ٹ رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :