جرائم پیشہ افراد کے حربوں ،عزائم کو آہنی ہاتھوں سے ناکام بناکر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا،ناصر خان درانی

آئی جی خیبرپختونخوا نے مانسہرہ پولیس کے اہلکاروں کو ایلیٹ پولیس فورس کی وردی میں ڈکیتی کرنیوالے گروہ کو پکڑنے پر انعامات سے نوازا

جمعرات 18 فروری 2016 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختون خوا ناصر خان دُرانی نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں مانسہرہ پولیس کے اہلکاروں کو ایلیٹ پولیس فورس کی وردی میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کو پکڑنے اور اُن سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔ تفیصلات کے مطابق پچھلے دنوں چکل پایان(مانسہرہ) پولیس اسٹیشن اوگئی کی حدود میں ایلیٹ فورس کی وردی میں ملبوس چھ ڈاکو رات کی تاریکی میں بدری زمان نامی ایک شخص کے گھر گھس گئے اور ساری گھر والوں کو یرغمال بنانے کے بعد گھر کے تمام افراد کو زدوکوب کرکے اُن سے لاکھوں روپے نقد اور دیگر گھریلو اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ڈکیتی کے اس اندھے کیس کا سُراغ لگانے کے لیے پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔

(جاری ہے)

جس نے انتہائی پیشہ ورانہ اور سائنسی خطوط پر کاروائی کرتے ہوئے سات گھنٹوں کے اندر اندر ملزمان تک رسائی حاصل کی اور اُن سے لوٹی ہوئی رقم، دو کلاشنکوف، 2پستول، ایک پستول 17 ایم ایم اور پانچ سو سے زیادہ کارتوس برآمد کر لئے۔ گرفتار ملزمان میں غلام مرتضیٰ، لعل خان، مومن خان، وقاص، عمران، اور طارق شامل ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ گروہ ضلع مانسہرہ میں فورسز کی وردی میں ڈکیتی کی واردات کرتے رہتے تھے۔ گروہ کی گرفتاری پر علاقے کے عوام نے سُکھ کا سانس لیتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔ گرفتار گروہ نے پولیس اور میڈیا کے سامنے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں آئی جی پی ناصر خان دُرانی نے کہا کہ مستعد اور چوکس پولیسنگ ہی جرائم میں ملوث افراد کے خلاف حفاظت کی ضمانت فراہم کرسکتی ہے اور انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ جرائم پیشہ افراد کے ہر قسم کے حربوں اور عزائم کو آہنی ہاتھوں سے ناکام بناکر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں ۔

آئی جی پی نے فورسز کی وردی میں ڈکیتی کی متعدد واردات کرنے والے گروہ کو گرفتار کرنے پر ایس ڈی پی اُو اُوگئی ذوالفقار جدون، ایس ایچ اُو انسپکٹر جاوید اور کانسٹیبلان ناصر محمود اور ریاست عالم کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

متعلقہ عنوان :