پشاورکو تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ،عاصم خان

گزشتہ سال تجاوزات کیخلاف آپریشن میں تاجروں کا تعاون قابل تحسین ہے تاجروں کو تحفظ دینا ضلعی اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے , ضلع ناظم پشاور

جمعرات 18 فروری 2016 18:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے کہا ہے کہ پشاور سے تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے تجاوزات کا خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے اندرون شہر اور گرد و نواح میں تجاوزات کا خاتمہ کرنے سمیت تاجروں کے لئے سستا بازار کا قیام عمل میں لایا جائیگا تاکہ انکا کاروبار متاثر نہ ہو سکے ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا مرحلہ ختم ہونے کے بعد فوری طور پر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائیگا ۔

وہ گزشتہ روز بیرون گنج گیٹ پھندو روڈ مدینہ مارکیٹ میں تاجروں سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر تاجر انصاف کے صدر شاہد خان ‘ ترجمان ہارون صافی ‘ گنج بازار کے صدر حبیب اللہ عرف خان جی ‘ اہلسنت والجماعت ضلع پشاور کے صدر محمد اسماعیل درویش ‘ بورڈ بازار کے صدر افسر خان ‘ ہشت نگری بازار کے صدر شاہ بلال ‘ ضلع کونسل کے ممبران سعیدس الرحمان صافی ‘ ندیم اتمانخیل ‘ زاہد خان مہمند ‘ یوتھ کونسلر سمیع اللہ جھنگوی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس دوران بورڈ بازار کے صدر افسر خان اور ہشت نگری بازار کے صدر شاہ بلال نے ضلع ناظم پشاور کو سونئیر بھی پیش کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے کہا کہ الیکشن سے پہلے عوام سے کئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں گے اور پشاور کو ایک بار پھر پھولوں کا شہر بنا ئیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تاجر ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں تاجروں کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ تعاون پر انکا مشکور ہوں تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔

اس موقع پر تاجر انصاف کے صدر شاہد خان نے کہا کہ وقتا فوقتا تاجروں کے ساتھ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائیگا تاکہ تاجروں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے درمیان رابطہ بحال ہو ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف بازاروں میں سٹریٹ لائٹس کی کمی ہے جس کے باعث تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے سے پہلے متعلقہ بازار کے صدر کو اعتماد میں لیا کرے ۔

متعلقہ عنوان :