دنیا بھر کی ذہین ترین دس اقوام میں شمار 20 کروڑ آبادی والے ملک میں وسائل اور پوٹینشل کی کوئی کمی نہیں ،مشتاق احمد خان

جمعرات 18 فروری 2016 18:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتا ق احمد خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی ذہین ترین دس اقوام میں شمار 20 کروڑ آبادی والے ملک میں وسائل اور پوٹینشل کی کوئی کمی نہیں لیکن حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کے باعث 60 ہزار افراد بدامنی کی نذر ، دو کروڑ 20 لاکھ بچے حصول تعلیم کی بجائے چائلڈ لیبر پر مجبور ، 60 فی صدآبادی پینے کے صاف پانی سے محروم اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر سہولیات عوام کے لیے دستیاب نہیں ۔

ملکی وسائل کو فروغ دینے کے بجائے کمیشنوں کے حصول کیلیے دیگر ممالک کے گیس کے منصوبے لیے جارہے ہیں جب کہ روزانہ 14 ارب روپے کی کرپشن ملک کو کھوکھلا کر رہی ہے جو بھارت ، امریکہ ، داعش اور دہشت گردی سے زیادہ بڑا خطرہ ہے ۔

(جاری ہے)

وہ المرکز اسلا می پشاور میں سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطا ب کر رہے تھے ۔ پریس کانفرنس میں نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال ، امیر جماعت اسلامی ضلع چارسدہ مصباح اللہ اور سابق ممبرصوبائی اسمبلی ارشد خان بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر ضلع چارسدہ مٹہ مغل خیل سے ویلج ناظم نوید احمد خان ، جنر ل کونسلر ارباب ہارون نثار ، ملک سلیم خان ، ضیاء الرحمان، یوتھ کونسلر ارباب بلال احمد ، شہزاد خان ، کسان کونسلرز سید کمال سیٹھ ،جاوید خان ، خواتین کونسلرز زوجہ راج ولی اور زوجہ خوشحال نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مشتاق احمد خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اس وقت جس بدامنی ، غربت ،جہالت ،لوڈشیڈنگ اور کرپشن کاشکار ہے وہ موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے ہے ۔

دنیا بھر میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے جبکہ ہمارے حکمران عوام کو ریلیف دینے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے عوام پر مہنگائی ،بے روز گاری، جہالت اور بیماری کو مسلط کررکھا ہے ۔عام آدمی حکومت کی مایوس کن کارکردگی سے سخت پریشان ہے۔ پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرکے اس کا گھیراؤ کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں جس سے ہماری آزادی اور مستقبل کو خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے نیب کو دھمکی آمیز رویہ اپنایا ہے ملک میں کرپشن امریکہ ، بھارت ، داعش اور دہشت گردی سے بڑا خطرہ ہے ۔ملک میں کرپشن ختم ہوگی تو ملک ترقی کے راہ پر گامزن ہوگااور عوام خوشحال ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ احتساب کے ادارے ہر قسم کے دباؤ ، لالچ اور تحریص سے آزاد ہو اور غیر جانبداری اور شفافیت سے کام کرے گی تو عوام کا اعتماد اداروں پر بحال ہوگا ۔

تیل کے قیمتوں میں کمی نہ کرنے اور ادوایات کے قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ دائر کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں افرادی قوت اور وسائل کی کمی نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ہے ۔ صنعتی بستیاں قبرستان بن چکی ہیں اور ترقی کا پہیہ رک چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام سیاسی وجماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر کرپشن کے خلاف تحریک میں شریک ہو ں تاکہ ہم کرپشن فری ماڈل پاکستان بنانے میں کامیاب ہو جائیں۔

متعلقہ عنوان :