سرحدی علاقوں سے ملحقہ علاقوں سے اشتہاریوں کی گر فتاری کیلئے” خصوصی پولیس ٹیمیں“ تشکیل

صوبہ میں قیام امن کے لئے ایلیٹ فورس کو بھی خصوصی اختیارات دے دئیے گئے،ہر تھانہ کی اپنی خصوصی ٹیم ہوگی

جمعرات 18 فروری 2016 18:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء)صوبائی وزارت قانون اور متعلقہ اداروں کی ہدایت پرمحکمہ پولیس نے سرحدی علاقوں اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چھپے ” اشتہاریوں کی گر فتاری“ کیلئے 675 سے زائدخصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس سے وابستہ سینئر آفیسر نے آن لائن کو بتایا کہ پنجاب میں امن وامان کے قیام کے لئے محکمہ پولیس پنجاب نے اشتہاریوں کی گر فتاری کے لئے” خصوصی مہم “ پہلے سے جاری ہے تاہم مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں کی طرف سے داعش کا نام استعمال کرنے ،منافرت پھیلانے والے افراد اور ایف آئی اے، عدالتوں اور پولیس کو مطلوب اشتہاریوں کی گر فتاریوں “ کو یقینی بنایا جائے گاجس کے لئے ”ایلیٹ فورس “ کو بھی خصوصی اختیارات دئیے گئے ہیں۔

تاہم ایس ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ خطر ناک اشتہاریوں ،سر کی قیمت والے مجرموں اور دہشت گردوں کی فہر ستیں ان ٹیموں کو فراہم کریں اور اس ضمن میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر تھانہ کی خصوصی ٹیم بھی مجرمان کی نشاندہی اورگرفتاری کو یقینی بنائے۔