فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی میں بھی جدید ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز بنائی جائیں گی‘ شہبازشریف

ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے قیام سے جعلی و غیرمعیاری ادویات کا خاتمہ ہوگا،عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی ہوگی عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے،شعبہ صحت کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہیمعوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے نہ پہلے وسائل کی کمی آنے دی، نہ آئندہ آنے دیں گے جعلی و غیرمعیاری ادویات بنانیوالے انسانیت کے دشمن ہیں، گھناؤنا کاروبار کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘ وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 18 فروری 2016 18:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے،اسی لئے پنجاب حکومت نے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے شعبہ صحت کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہے، صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کیلئے نہ پہلے وسائل کی کمی آنے دی، نہ آئندہ آنے دیں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں اور بنیادی و دیہی مراکز صحت میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں مہیا کرنے کیلئے قومی ذمہ داری سمجھ کر کام کرنا ہے کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں-پنجاب حکومت نے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موثر مانیٹرنگ سسٹم اوراقدامات کی بدولت امیونائزیشن کی کوریج میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے تاہم اس ضمن میں تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بچہ ویکسی نیشن سے محروم نہ رہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں میں بھی امیونائزیشن مہم تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے اور دیہی و بنیادی مراکز صحت میں مفت ادویات کی فراہمی اور طبی عملے کی حاضری یقینی بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کے تحت تعین کردہ اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جا رہا ہے۔تھرڈ پارٹی آڈٹ سے صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کا درست ڈیٹا حاصل ہوتا ہے۔ اوراس ڈیٹا کی مدد سے مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرنے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں ملک کی پہلی اورجدید ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کردی گئی ہے جبکہ لاہور کے بعد فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی میں بھی جدید ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز بنائی جائیں گی۔ ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے قیام سے جعلی و غیرمعیاری ادویات کا خاتمہ ہوگااورعوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جعلی و غیرمعیاری ادویات بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔

ایسا گھناؤنا کاروبار کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاکہ صوبے کے عوام کو صحت عامہ کی بہترین اور معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہے - پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ پر عملدرآمد سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے بنیاد ی ودیہی مراکز صحت میں ضروری ادویات کی فراہمی میں بھی خاطر خواہ بہتری ہوئی ہے تاہم ابھی بھی طویل سفر باقی ہے- ہسپتالوں اوربنیاد ی و دیہی مراکز صحت میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے متعلقہ اداروں کو اجتماعی کاوشوں کے ذریعے حالات کو بہتر بناناہے-برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے نمائندے بین فرنچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔

اجلاس میں پنجاب کے 10اضلاع میں صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تھرڈ پارٹی آڈٹ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اوراس ضمن میں کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، سیکرٹریز خزانہ، سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کے نمائندے بین فرنچ، متعلقہ حکام اور طبی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔