نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر اہم پیش رفت

بائیں سرنگ کے دو حصوں کو ریور کراسنگ ایریا میں انتہائی درستگی کے ساتھ منسلک کر دیا گیا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ2017 ء میں مکمل ہوجائے گا: چیئرمین واپڈا ظفر محمود

جمعرات 18 فروری 2016 16:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بائیں سرنگ(Headrace Tunnel) کے دو حصوں کو دریائے جہلم اور نیلم کے کراسنگ ایریا میں انتہائی درستگی کے ساتھ باہم منسلک کر دیا گیا ہے۔ پراجیکٹ کی تکمیل کے ضمن میں یہ انتہائی اہم پیش رفت ہے۔ قبل ازیں پراجیکٹ کی دائیں سرنگ(Headrace Tunnel) کوریور کراسنگ ایریا میں رواں سال جنوری کے پہلے ہفتے میں منسلک کیا جاچکا ہے۔

اس اہم کامیابی کے تناظر میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حکام نے ریور کراسنگ ایریا میں بائیں سرنگ کے اندر ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ چیئرمین واپڈا ظفر محمود، ممبر(فنانس) واپڈا انوارالحق، چیف ایگزیکٹو آفیسر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) محمد زبیر کے علاوہ کنٹریکٹر اور کنسلٹنٹس کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ کی تکمیل کے حوالے سے اس اہم ہدف کے حصول پر پراجیکٹ حکام، کنٹریکٹراور کنسلٹنٹس کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی تعریف کی۔ تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پہلا پیداواری یونٹ 2017 ء کے وسط تک ، جبکہ باقی تین یونٹس مرحلہ وار دسمبر 2017 ء تک مکمل کر لئے جائیں گے۔

پراجیکٹ سائٹ پر میڈیا کو بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 78 فی صد مکمل کر لیا گیا ہے۔ ممبر(فنانس) واپڈا نے میڈیا کے نمائندوں کو منصوبے کی تعمیر کیلئے مالی انتظامات کے حوالے سے یقین دلایا اور کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے فنڈز کی دستیابی سے متعلق مسائل کو کم و بیش حل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے پر اب تک 250 ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسرنیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے میڈیا کے نمائندگان کو منصوبے کے مختلف حصوں پر پیش رفت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا ڈیم 74 فیصد جبکہ سپل وے 100 فی صد مکمل کیا جاچکا ہے۔ 68 کلومیٹر طویل سرنگوں میں سے 60اعشاریہ پانچ کلومیٹر(88فیصد) سرنگوں کی کھدائی مکمل کی جاچکی ہے ،جبکہ پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ اس سال نومبر میں مکمل ہوجائیں گے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ایک رَن آف دی ریور منصوبہ ہے اوریہ اپنی تکمیل پر بجلی کے قومی نظام کو ہر سال پانچ ارب 15کروڑ یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :