کراچی میں مُردوں کو ٹیکنالوجی سے لیس جدید قبرستان میں دفنانے کا فیصلہ

جمعرات 18 فروری 2016 16:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) کراچی میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے مخصوص فیز کے رہائشیوں کے لیے ٹیکنالوجی سے لیس جدید قبرستان کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئرمحمد رشید بٹ نے بتایاکہ ویڈیو لنکنگ کے ذریعے اپنے پیاروں کی قبریں دیکھ کر دور اپنے گھر میں بیٹھا شخص بھی مرنیوالوں کیلئے فاتحہ خوانی کرسکے گا، مذکورہ قبرکا نمبر دے کروہی قبردیکھی جاسکے گی ، لائیوسٹریمنگ کی سہولت بھی پیش کی جارہی ہے ،ویب کیمرے لگائیں گے اور اس مقصد کیلئے ٹیکنالوجی روم بھی قائم کیاجارہاہے۔

قبرستان تمام قبروں کا ریکارڈ بھی رکھے گا جبکہ مرنیوالے ہر شخص کو ایک مخصوص نمبر جاری کیاجائے گا، استقبالی عملہ اور نقشہ کی مدد سے آنیوالا ہرشخص متعلقہ قبرتک جاسکے گا، حکام سولرٹیکنالوجی کے ذریعے قبرستان روشن رکھنے کی منصوبہ بندی بھی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

مختلف فرقوں کی تقسیم کیلئے قبرستان کو مختلف حصوں میں تقسیم کیاگیا، ایک حصہ بچوں اور شہداء کیلئے وقف کیاگیا، ایک طرف جنازگاہ بھی تعمیر کی جائے گی۔

تقریباً 1400قبریں تیار کرلی گئی ہیں جبکہ کئی مزدورتاحال مختلف سائز کی قبروں کی کھدائی میں مصروف ہیں ، یہ قبریں اس قبرستان کا حصہ ہیں جو ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی فیز آٹھ کے رہائشیوں کیلئے بالخصوص بنارہی ہے اور رواں سال مئی میں اس کاافتتاح متوقع ہے ، اب وہاں کے رہائشی فیز ون اور فیز فور میں موجودکنٹونمنٹ بورڈ کے قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی تدفین کرتے ہیں لیکن اب وہاں بھی جگہ کم پڑگئی۔منصوبے کی تعمیر کی وضاحت کے موقع پر ایک آرمی آفیسر نے بتایاکہ قبرستان کو سر سبزو شاداب بنانے کیلئے مختلف قسم کے پودے لگائیں گے تاکہ ایک پارک جیسا دکھائی دے۔

متعلقہ عنوان :