2020تک محفوظ خاندانی منصوبہ بندی کے طریقوں تک تمام افراد کی رسائی کو ممکن بنائیں گے ‘ وزیر بہبود آبادی پنجاب

جمعرات 18 فروری 2016 15:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر بہبو د آبادی و تحفظ ماحولیات بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر 127موبائل سروس یونٹ کو فنکشنل کیا جا رہا ہے تاکہ موبائل یونٹ موقع پر ہی خواتین کوخاندانی منصوبہ بندی سے متعلق ضروری سہولیات فراہم کر سکے،اس مقصد کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے خطیر رقم فراہم کی گئی ہے کیونکہ محکمہ بہبود آبادی ہر طرح کی سہولیات خواتین کو ان کی دہلیز پر فراہم کرنے پر یقین رکھتا ہے اور آبادی کے سیلاب کو روکنے کے لئے لوگوں میں اپنے تربیت یافتہ سٹاف کے ذریعے بہبود آبادی سے متعلقہ معلومات و سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بیگم ذکیہ شاہنواز نے پاپولیشن ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں ایک تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تولیدی صحت کے مراکز بہبود آبادی پروگرام کے جدید سنٹرز ہیں اور مشاورتی مراکز برائے مرد حضرات محکمے کا ایک انقلابی قدم ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں مرد کو ہر معاملے میں فیصلے کرنے کا مجاز سمجھا جاتا ہے اور اس لئے زچگی ،چائلڈ لیبر ،چھوٹے خاندان کے رجحان اور پیدائش کے درمیان وقفے جیسے اصولوں کے فروغ کے لئے صوبہ بھر میں 1560افراد بھرتی کئے گئے ہیں جو خاص طور پر مرد حضرات کو اس حوالے سے تربیت اور آگاہی فراہم کرتے ہیں ۔

انہوں نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آپ آبادی پر قابو پانے کے لئے مسائل اور وسائل میں تناسب پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور آبادی میں اضافے سے منسلک فرسودہ رسم و رواج کے خلاف صف آراء ہیں ہمیں بڑے پیار اور صبرو حوصلے سے یہ جنگ لڑنا ہے کیونکہ اس کا تعلق براہ راست انسانی ذہن و قلب سے ہے اورمعاشرتی سطح پر جدید مثبت اور متحرک افکار کو اپنانے میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے لیکن جیت ہمیشہ ثابت قدمی اور صبرو حوصلے کی ہوتی ہے ۔انشاء اللہ ہم اپنے متعین اہداف کے حصول میں کامیاب ہوتے ہوئے۔ 2020تک محفوظ خاندانی منصوبہ بندی کے طریقوں تک تمام افراد کی رسائی کو ممکن بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :