گنڈا سنگھ والا کے سرحدی علاقے سے سرحد عبور کرنے والی مادہ سانبھڑ پکڑلی گئی،چھانگا مانگا وائلڈ لائف بریڈنگ فارم پہنچا دیا گیا

جمعرات 18 فروری 2016 15:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس خالد ایاز خان کی سرحدی علاقوں کی نگرانی کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے پاکستان رینجرز کی مدد سے بھارت سے آنے والی ایک مادہ سانبھڑکو پکڑ کر چھانگامانگا وائلڈ لائف بریڈنگ فارم منتقل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گنڈا سنگھ والا ضلع قصور کے سرحدی علاقے سے پاکستان کی سرحد عبور کر کے پاکستان داخل ہونے والی ایک مادہ سانبھڑکے بارے میں پاکستان رینجرز کے ونگ کمانڈر عادل نسیم اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز اجمل حسین نے رات اڑھائی بجے اطلاع دی جس پر محکمہ جنگی حیات کی خصوصی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے پکڑ کر چھانگامانگا وائلڈ لائف بریڈنگ فارم منتقل کردیا۔

ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالد ایاز خان نے جنگلی حیات کی حفاظت و نگرانی پر مامور خصوصی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث جنگلی حیات کی نقل مکانی متوقع ہے ۔ اس لیے وہ سرحدی علاقوں پر خصوصی نگاہ رکھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلو وائلڈ لائف پارک سے جلد ہی ایک نر سانبھڑکو چھانگامانگا وائلڈ لائف بریڈنگ فارم منتقل کردیا جائے گا تاکہ بھارت سے آنے والے مادہ سانبھڑ کے ساتھ مل کر ان کی نسل میں اضافہ کیا جاسکے۔