قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کا ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور کراچی میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ ملنے پر احتجاج ‘ علامتی واک آؤٹ

جمعرات 18 فروری 2016 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور کراچی میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے علامتی واک آؤٹ کیا اس سے قبل ایم کیو ایم کے سلیمان بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف صرف بجٹ کے موقع پر ایوان میں تشریف لاتے ہیں۔

وزیر داخلہ دہشت گردوں کو پکڑنے کی بات تو کرتے ہیں لیکن مولانا عبدالعزیز کو گرفتار کرنے سے کیوں خوفزدہ ہیں جو اسلام آباد میں بیٹھ کر کھلم کھلا طالبان کا پرچار کررہا ہے، دوسری طرف الطاف حسین کی تقریر پر پابندی ہے جو کھل کر طالبنائزیشن کیخلاف بات کرتے ہیں، دواؤں کی قیمتوں پر حکومت بے بس نظر آرہی ہے، آج وزیراعظم بھی نیب کیخلاف بول رہے ہیں ، پیپلز پارٹی بھی نیب کیخلاف ہے اور پی ٹی آئی بھی مرض کا احتساب چاہتی ہے ، نندی پور پاور پراجیکٹ میں کرپشن کی تحقیقات کون کریگا آپ نیب کو اپنی حد میں رہنے کی بات کررہے ہیں، پنجاب دہشت گردوں کا اڈہ بن چکا ہے ، یہ دہشت گرد دوسرے صوبوں میں جا کر کارروائیاں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

چارسدہ کا واقعہ ہوا تو وزیراعظم نے وہاں کا دورہ تک نہ کیا جبکہ ترکی میں دہشت گردی پر وہاں کے صدر اور وزیراعظم نے بیرونی دورے منسوخ کردیئے، ملک سے مک مکا کی پالیسی کب ختم ہوگی کیونکہ سید خورشید شاہ نے کل پھر وزیراعظم کے موقف کی تائید کی ہے، آپریشن کیلئے آپ کو صرف ایم کیو ایم ہی نظر آتی ہے ، ہم بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ ملنے اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف واک آؤٹ کرتے ہیں۔