فلمسٹار شان شاہد اور محمد شہباز کی جوڑی نے گلزار چیمہ اور رؤف وائیں کی جوڑی کو 11 رنز سے ہراکر ٹرافی جیت لی

جمعرات 18 فروری 2016 14:11

فلمسٹار شان شاہد اور محمد شہباز کی جوڑی نے گلزار چیمہ اور رؤف وائیں ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء)گولڈن بناسپتی اور گولڈن ایگلز کے زیر اہتمام شامی ڈبل وکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوروزہ مقابلے سمارٹ کرکٹ گراؤنڈ خیابانِ امین میں منعقد کروائے گئے جو کہ اختتام پذیر ہوگئے۔ اس ٹورنامنٹ میں 16 ویٹرنز سپانسر ز کے جوڑوں نے شرکت کی اور فلم اسٹار شان شاہد ، محمد شہباز نے گلزار چیمہ اور رؤف وائیں کو 11 رنز سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔

شان شاہد، محمد شہباز نے 3 اوورز میں 42 رنز بنائے۔ گلزار چیمہ نے 1/18 اور رؤف وائیں نے 1/32 وکٹ حاصل کیں۔ جواب میں گلزار چیمہ اور رؤف وائیں 3 اوورز میں 31 رنز بناسکے۔ ولید یعقوب، محمد کلیم، صغیر احمد امپائر جبکہ ساجد عثمان سکورر تھے۔ تقریب انعامات کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے چوہدری شفقت حسین نے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ای او گولڈن بناسپتی اور چیف آرگنائزر ٹورنامنٹ محمد سلمان خان نے ٹورنامنٹ کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ چیف ایگزیکٹو پاکستان ویٹرن کرکٹ ایسوسی ایشن نواب عاشق حسین قریشی نے جو پودا 17 سال پہلے لگایا تھا آج پھلدار درخت بن چکا ہے۔

جس کی وجہ سے نہ صرف سابقہ کھلاڑی فٹ ہیں بلکہ کھلاڑیوں کے ساتھ اور دوسرے آفیشلز کیلئے بھی روزگار کے مواقع فراہم ہوگئے ہیں۔ ہمارا مقصد ٹورنامنٹ کے ذریعے آپس میں رشتے بڑھانا ہے تاکہ گراؤنڈ آباد رہیں اور ایک صحت مند معاشرہ قائم ہوسکے اور ہم ویٹرن کرکٹ کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں اور پسماندہ کھلاڑیوں کی مدد کرسکیں۔ آخر میں نواب عاشق حسین قریشی نے ونر ٹیم کے کپتان شان شاہد کو ونر ٹرافی، گلزار چیمہ کو رنر اپ ٹرافی کے علاوہ آفیشلز میں بھی انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر محمد سلمان خان، عامر الیاس بٹ، حماد مقبول دیگر سپانسرز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔