کراچی لاہورموٹروے کی تعمیر کیلئے اراضی کیلئیزمینداروں کو معاوضہ کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے،کیپٹن (ر) نسیم نواز

طے شدہ شرائط،قوانین اور قواعد وضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمانہ کارروائی بلاتاخیر مکمل کی جائے،ڈویژنل کمشنر فیصل آباد

بدھ 17 فروری 2016 22:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء ) ڈویژنل کمشنر کیپٹن(ر)نسیم نواز نے ہدایت کی ہے کہ کراچی لاہورموٹروے کی تعمیر کے لئے اراضی کے حصول کے سلسلے میں متعلقہ زمینداروں کو معاوضہ کی فوری ادائیگی کویقینی بنایا جائے اس ضمن میں طے شدہ شرائط،قوانین اور قواعد وضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمانہ کارروائی بلاتاخیر مکمل کریں۔

انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران،قائمقام ڈی سی او/ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کنوراعجازخالق رزاقی،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہر شفقت اﷲ مشتاق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ کراچی لاہور موٹروے کے منصوبے کیلئے جڑانوالہ،تاندلیانوالہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اورپیر محل کے علاقوں میں نجی اراضی حاصل کی جارہی ہے جس کیلئے متعلقہ اراضی کے مالک زمینداروں کو معاوضہ کی ادائیگی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے محکمہ مال کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ موٹروے کے اس منصوبے میں شامل ہونے والی اراضی کے مالکان کو ضابطہ کے تحت بروقت ادائیگی کاعمل شفاف ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ درکارسے زائد اراضی حاصل نہ کی جائے اورزمین کاقبضہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے سپرد کریں تاکہ تعمیراتی کام میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ ادائیگی سے قبل مالکان کی اچھی طرح تصدیق وجانچ پڑتال کرلی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی لاہور موٹروے کا منصوبہ اکنامک کوریڈورکاحصہ ہے جوملکی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت رکھتاہے لہذا منصوبے کے تعمیراتی کام میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے خبردار کیا کہ زمینداروں کو معاوضہ کی ادائیگیوں میں غفلت،سستی یاعدم توجہی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی اور موٹروے کے منصوبے میں آنے والی اراضی کے مالکان کوکوئی دقت نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :