بیرونی قرضوں پررواں سال سود کی مد میں ادا کرنے کیلئے 50 ارب ڈالر درکار ہیں ‘منظور وٹو

حکومت نے اہداف کو پورا کرنے کے لئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا پروگرام بنا لیا ہے‘صدر پی پی پنجاب

بدھ 17 فروری 2016 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ بیرونی قرضے لے کر زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب تک پہنچانے والوں کو رواں سال قرضوں کے سود کی مد میں ادا کرنے کیلئے 50 ارب ڈالر درکار ہیں ،حکومت نے ان اہداف کو پورا کرنے کے لئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا پروگرام بنا لیا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کے علاوہ عوام پر ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ بڑھایا جا رہا ہے جو قوم کے ساتھ ظلم ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) اڑھائی سالہ دورحکومت میں انتخابی مہم کے دوران عوام سے کیا ہوا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کر سکی ۔صنعتی مقاصد کیلئے گیس کی قیمتوں میں وقتاً فوقتاً 300فیصد سے زائد اضافہ کر کے صنعتی پہیہ جام کیا جا چکا ہے جس کی وجہ سے بیروزگاری میں خطر ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے ۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے پاس کمیشن والے اورنج ٹرین منصوبے کے لئے220 ارب روپے تو ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لئے کچھ نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی ڈنگ ٹپاؤ پالیسی نے عوام کے لئے مسائل کھڑے کر دیئے ہیں اور قوم کو اس کے لئے بھاری قیمت چکانا پڑرہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :