علامہ اقبال ٹاؤن میں موٹر سائیکل سواروں کی پولیس ناکے پر فائرنگ سے دو پولیس اہلکارجاں بحق ،وزیر اعلی نے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی

اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ،ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کرلی گئی اہلکاروں کی ہلاکت سینے اور سر میں گولیاں لگنے سے ہوئی ،گرفتاری کیلئے تین ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں‘ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر پولیس افسران ہسپتال پہنچ گئے

بدھ 17 فروری 2016 22:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں کی پولیس ناکے پر فائرنگ سے دو پولیس اہلکارجاں بحق ہو گئے ، اہلکاروں کی طرف سے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم ان کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کر دی گئی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کرلی گئی ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ناکے پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقہ میں پولیس ناکے پر تعینات اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرا رہو گئے ۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار مبشر اور آصف شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں جانبر نہ ہو سکے ۔

اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اورملزمان کی گرفتاری کیلئے وائرلیس کرکے علاقے کی ناکہ بندی کر لی گئی ۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کو سینے اور سر میں گولیاں لگیں جس سے ان کی موت واقع ہوئی ۔

اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی انوسٹی گیشن مشتاق سکھیرا سمیت دیگر پولیس افسران جناح ہسپتال پہنچ گئے ۔ڈی آئی جی آپریشنز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوموٹر سائیکل سواروں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے دو اہلکاروں کی شہادت ہو گئی ۔انہوں نے کہا کہ ناکے پر تعینات اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس فراہم کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں ۔

اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس فراہم نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے فوری بعد علاقے کی ناکہ بندی کر لی گئی ہے جبکہ فرارہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تین ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اقبال ٹاؤن میں ناکے پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

وزیر اعلی نے فائرنگ کے باعث دو پولیس کانسٹیبلز کے جا ں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلی نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔