اسسٹنٹ کمشنر سکردو کو نو گو ایریا بنانے کی کوشش نہ کرے،مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جارہی رہے گی،انجمن تاجران سکردو

بدھ 17 فروری 2016 22:20

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء )انجمن تاجران سکردو کے صدر غلام اطہر ،خواجہ مدثر ،غلام پاروی نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر سکردو کو نو گو ایریا بنانے کی کوشش نہ کرے۔ منظم سازش کے تحت علاقے کے امن کو خراب کیا جارہا ہے ۔مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جارہی رہے گی۔

(جاری ہے)

یاد گار شہدا پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کے ذریعے پرا من طریقے سے اپنے مطالبات کے حل کی ہر ممکن جدو جہد کی اور ضلعی انتظامیہ سے متعدد بار مذاکرات کئے تاہم اسسٹنٹ کمشنر کی بے جا ضد اور انا پرستی کی وجہ سے ہمارے مذاکرات کا میاب نہیں ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سکردو جیسے پر امن علاقے کو نو گو ایریا بنانا چاہتے ہیں اور علاقے کے امن کو خراب کرنے کیلئے منظم سازشوں میں مصروف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا متفقہ مطالبہ ہے کہ شہر میں پرانے سسٹم کو بحال کر تے ہوئے پنڈی ،گلگت اور دیگر علاقوں سے آنے والی گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات منظور ہونے تک ہڑتال نہ صرف جاری رہے گی بلکہ مرحلہ وار اس میں شدت لائی جائے گی ۔مشتعل تاجروں نے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کیخلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔