ملتان میٹرو بس منصوبے کے لئے 2ارب93کروڑ روپے مالیت کی زمین حاصل کی گئی ، جس میں سے متاثرین کو 2ارب9کروڑ سے زائدروپے ادا کردئیے گئے ہیں،کمشنر ملتان ڈویژن

بدھ 17 فروری 2016 22:20

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء ) ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کے اعلان کردہ پہلے ایوارڈ کے مطابق منصوبے کے لئے 2ارب93کروڑ روپے مالیت کی زمین حاصل کی گئی ہے جس میں سے متاثرین کو 2ارب9کروڑ14لاکھ روپے ادا کردئیے گئے ہیں جبکہ روٹ میں آنے والی 15متاثرہ مساجد اور چار سرکاری دفاتر کو 5کروڑ 64لاکھ روپے اد اکئے گئے ہیں۔کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن(ر)اسداﷲ خان نے میٹرو بس منصوبے کے متاثرین کو ادائیگی کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاکہ متاثرین کوایک ایک پائی ادا کی جائے اور کسی کے ساتھ نا انصافی نہ کی جائے۔

یہ بات انہوں نے ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل کی طرف سے میٹرو بس پراجیکٹ کے کیمپ آفس میں متاثرین کو ادائیگی کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کہی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو،ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمن رانا رضوان قدیر،اے سی سٹی عطاء الحق اور لینڈ ایکوزیشن کلکٹر چوہدری غلام مصطفی بھی اس موقع پر موجودتھے۔کمشنر ملتان ڈویژن نے کہا کہ ادائیگی کے حوالے سے کوئی امتیاز نہ برتا جائے اور متاثرین کو ان کی مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے لئے مکمل تعاون کیا جائے تاکہ متاثرین دوسری جگہ اپنے گھر تعمیر کرسکیں اور اپناکاروبار کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر متاثرین کو ان کی اراضی کا خاطر خواہ معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ روٹ میں آنے والے متاثرہ دکانوں کے کرائے داروں کو گڈول کے طور پر فی کس ایک لاکھ20ہزارر روپے ادا کئے گئے ہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ممتاز آباد ریلوے پھاٹک،بی سی جی چوک،اﷲ وسایاچوک ،وہاڑی چوک اور چوک کمہاراں والا کے روٹ میں آنے والے متاثرین کو آج جمعرات سے ادائیگی کا عمل شروع کیا جائے اور اس مقصد کے لئے عام خاص باغ میں کیمپ لگایا جائے۔

ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی سے ممتاز آباد ریلوے پھاٹک کے درمیان روٹ کے متاثرین کے لئے پہلے اعلان کردہ ایوارڈ میں 735متاثرین کو ادائیگی کا تخمینہ 2939ملین روپے لگایا گیا ہے جس میں سے 480متاثرین کو 2091ملین روپے ادا کردئیے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ باقی رہ جانے والے متاثرین میں سے 73افراد کے وراثت کے کیسز زیر التواء ہیں‘89افراد نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے 50متاثرین کے کیسز ادائیگی کے مرحلے میں ہیں اور 24متاثرہ افراد نے ابھی تک فائلیں جمع نہیں کرائیں۔

انہوں نے بتایا کہ میٹرو بس روٹ کی وجہ سے 15مساجد اور 4سرکاری عمارتیں متاثر ہوئیں جنہیں معاوضے کی مد میں 7کروڑ روپے میں سے 5کروڑ 64لاکھ ادا کردئیے گئے ہیں جبکہ بقیہ ادائیگی کا عمل بھی جاری ہے ۔اس طرح میٹروبس منصوبے کے 72فیصدمتاثرین کوادائیگی کردی گئی ہے۔ڈی سی او ملتان نے بتایا کہ ریلوے پھاٹک ممتاز آباد سے چوک کمہاراں والا کے درمیان میٹرو بس منصوبے کے متاثرین کو ادائیگی کے لئے ایوارڈ کا اعلان کیا جاچکا ہے اور 186میں سے 126کرایہ دار دکانداروں کو فی کس ایک لاکھ بیس ہزار روپے کے حساب سے ادائیگی کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سیکشن میں آنے والی قطعہ اراضی کے متاثرین کو ادائیگی کا عمل آج جمعرات سے شروع کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :