سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی کی فراہمی کے عدالتی فیصلہ کیخلاف وفاق کی اپیل کی سماعت پیر تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس سے سکواڈ کی گاڑی اور گارڈ واپس لینے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی پولیس اسلام آباد ، ایس ایس پی اور ڈی آئی جی آپریشن کو نوٹس جاری کردیا

بدھ 17 فروری 2016 22:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کے عدالتی فیصلہ کے خلاف وفاق کی اپیل کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس سے سکواڈ کی گاڑی اور گارڈ واپس لینے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی پولیس اسلام آباد ، ایس ایس پی اور ڈی آئی جی آپریشن کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ۔

گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل افنان کریم کنڈی نے اپنے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس کو وزیر اعظم کی منظوری سے تین ماہ کے لئے گاڑی دی گئی ، قوانین کے مطابق گاڑی کے اخراجات سابق چیف جسٹس کو برداشت کرنا تھے مگر وفاق اس کے اخراجات برداشت کرتا رہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ سابق چیف جسٹس کو 1800 کی بجائے 2400 سی سی گاڑی فراہم کی گئی جو سیکرٹری وزارت داخلہ کے خط پر وزیر اعظم کی منطور ی سے دی گئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے پر شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ اور توفیق آصف ایڈووکیٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر دلائل پیش کرتے ہوئے فاضل بنچ کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر سابق چیف جسٹس کو سیکورٹی فراہم کی گئی تھی مگر موبائیل سکواڈ کی ایک گاڑی اور گارڈ واپس بلا لئے گئے ہیں حالانکہ ابھی معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے لہٰذا آئی جی پولیس اسلام آباد ، ایس ایس پی اور ڈی آئی جی آپریشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

فاضل عدالت نے مذکورہ درخواست پر آئی جی پولیس اسلام آباد ، ایس ایس پی اور ڈی آئی جی آپریشن کو نوٹس جاری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ اس موقع پر درخواست گزار ریاض حنیف راہی نے اپنی درخواست پر دلائل پیش کرنے کی اجازت طلب کی تو شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنی درخواست میں نامناسب زبان استعمال کی ہے لہٰذا فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ ان کی درخواست کا پہلے چیمبر میں جائزہ لے کر اس پر سماعت کا فیصلہ کیا جائے۔

شیخ احسن الدین نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے سابق چیف جسٹس کی گاڑی کے اخراجات کی تفصیل پیش کرنے پر کہا کہ سینکڑوں سیاستدانوں کو گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں لہٰذا سب کی تفصیلات پیش ہونی چاہئے۔اس پر فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔