لاکھوں کی آبادی والے علاقوں میں ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ پارک اور گرین بیلٹ بنائے جائیں گے ‘ خواجہ سعد رفیق

پی ایچ اے کوریلوے ٹریک کے ساتھ نرسری بنانے کی اِجازت دی جائیگی ،ریلوے کی جانب سے کرایے نہیں بڑھائے گئے بلکہ جن ٹرینوں کے کرایوں میں سبسڈی دی گئی تھی اس سبسڈی میں معمولی کمی کی گئی ہے‘ وفاقی وزیر ریلوے کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 فروری 2016 21:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاکھوں کی آبادی والے علاقوں میں ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ پارک اور گرین بیلٹ بنائے جائیں گے ،پی ایچ اے کوریلوے ٹریک کے ساتھ نرسری بنانے کی اِجازت دی جائے گی ،ریلوے کی جانب سے کرایے نہیں بڑھائے گئے بلکہ جن ٹرینوں کے کرایوں میں سبسڈی دی گئی تھی اس سبسڈی میں معمولی کمی کی گئی ہے۔

گزشتہ روز وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے شاہدرہ سے رائیونڈ تک سپیشل ٹرین کے ذریعے انسپکشن کی اور ریلوے سٹیشنوں اور ٹریک کے ساتھ ساتھ کوڑے کے ڈھیربنی جگہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ اُنہیں گرین بیلٹ اور فینسنگ کے ذریعے محفوظ بنایاجائے۔ اس موقع پر ریلوے کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلوے انجم پرویز، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ارشد اسلام خٹک ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ وقار احمد شاہدسمیت دیگر اعلیٰ حکام اور پنجاب حکومت کی طرف سے کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ سنبل، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر کیپٹن (ر) محمد عثمان، وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد، ڈی جی پی ایچ اے محمد شکیل بھی وزیر ریلوے کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران وزیر ریلوے نے والٹن ریلوے اسٹیشن پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے چند بنیادی مقاصد ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے سامنے ہم نے یہ تجویز رکھی تھی کہ لاہور کو دو حصوں میں تقسیم کرنے والے ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ جگہوں جہاں غلاظت اور کوڑے کے ڈھیربنے ہوئے ہیں انہیں صاف کر کے گرین بیلٹ میں تبدیل کیا جائے ۔ ہم نے گزشتہ سال بھی اسی ٹیم کے ہمراہ اس سیکشن کا دورہ کیا تھا اور امسال بھی اس دورہ سے متعلق ایک مکمل رپورٹ تیار کی جائے گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ لاکھوں کی آبادی والے علاقوں میں ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ پارک اور گرین بیلٹ بنائے جائیں گے تاکہ اہل علاقہ اور ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کودورانِ سفرخوبصورت ماحول دیکھنے کو ملے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ پی ایچ اے کوریلوے ٹریک کے ساتھ نرسری بنانے کی اِجازت دی جائے گی تاکہ ٹریک کے ساتھ ساتھ اُگائے جانے والے پھول علاقے کی زینت میں اضافہ کا سبب بن سکیں۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ اپنی نوعیت کا یہ منفرد پائلٹ منصوبہ ہوگا جسے بعد ازاں پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمینوں پر قبضہ ہوتا رہا ہے اور ہم کئی محاذوں پر جنگ لڑ رہے ہیں ۔ کرایوں میں اضافے کے سوال پر وزیر ریلوے نے بتایاکہ ریلوے کی جانب سے کرایے نہیں بڑھائے گئے بلکہ جن ٹرینوں کے کرایوں میں سبسڈی دی گئی تھی اس سبسڈی میں معمولی کمی کی گئی ہے۔

ہم نے جن ٹرینوں کی اپ گریڈیشن کی اُن ٹرینوں میں ویلیو ایڈیشن سفری سہولیات فراہم کرنے کے بعد اُن ٹرینوں کے کرایوں میں معمولی اضافہ کیا ہے تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ اس موقع پروائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت اس کاریڈورکیلئے پی ایچ اے کو جتنی بھی ذمہ داری سونپے گی اُسے پورا کرنے میں پی ایچ اے ہرممکن تعاون مہیا کرے گی۔

اس منصوبہ سے آلودگی میں کمی واقع ہوگی جہاں جہاں پارکس بنانا ممکن ہوسکے گا وہاں پارکس بنائیں جائیں گے تاکہ نونہال اور نوجوانوں کو تفریح کے بہتر مواقع میسر ہوسکیں۔ کمشنر لاہورعبداﷲ سمبل نے اپنے بیان میں کہا کہ اس منصوبے کو جامع شکل دینے کیلئے مکمل تعاون کیا جائے گا اور جلدہی کام شروع کردیا جائے گا ۔ بعد ازاں وزیر ریلوے نے سپیشل ٹرین سے رائیونڈ تک اپنادورہ مکمل کیااور رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر صحافیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ اس سٹیشن کی کی عمارت کواپ گریڈ کرکے اسے بھی ایک مثالی ریلوے اسٹیشن بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :