عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ہماری ترجیحات ہیں:شہباز شریف

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 17 فروری 2016 21:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 17 فروری۔2015ء ) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے معروف بین الاقوامی مینجمنٹ کنسلٹنٹ کمپنی مکینزے (Mickinsey) کے گلوبل مینجنگ ڈائریکٹر ڈومینک بارٹن (Mr. Dominic Barton) نے ملاقات کی جس میں سماجی و اقتصادی شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ہماری ترجیحات ہیں۔

تعلیم، صحت اور امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب حکومت نے انقلابی اصلاحات کی ہیں۔ تعلیم کے فروغ کیلئے نہ صرف کم وسیلہ طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے بلکہ ذہین اور مستحق طلبا و طالبات کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے وظائف بھی دیئے جا رہے ہیں اور اب تک ایک لاکھ سے زائد تعلیمی وظائف دیئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے حکومتی اداروں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے جس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے اور عوام کو خدمات کی فراہمی میں بھی خاطرخواہ بہتری آئی ہے جبکہ عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے انفراسٹرکچر کے شعبہ پر بھرپور توجہ دی گئی ہے اور ٹرانسپورٹ کے نظام میں میٹرو بس پراجیکٹس کے آغاز سے شہریوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولتیں میسر آئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے ساتھ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔ پنجاب میں گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔ 2017 کے اختتام تک توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جس سے لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی ہوگی۔ انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا پختہ ارادہ کر چکی ہے اور انشاء اﷲ پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارا تابناک مستقبل ہے۔ نوجوانوں کو معیاری ہنرمند فورس بنا کر انہیں بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اور آئندہ 3 برس میں 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ صوبے میں اراضی کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا کام تقریبا مکمل کر لیا گیا ہے۔ اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہونے سے دہائیوں پرانے پٹوار کلچر کا خاتمہ ہوا ہے اور عوام کو اب اپنی اراضی کے دستاویزات چند منٹوں میں ملتے ہیں۔اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے مہم بھرپور انداز سے جاری ہے۔

پاکستان کے مستقبل کو پیشگی معاوضوں کے ذریعے گروی رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی استعدادکار میں اضافے، تنظیمی ڈھانچے میں اصلاحات اور ترقیاتی حکمت عملی کے اہداف کے حصول کے حوالے سے مکینزے کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ مینجنگ ڈائریکٹر مکینزے ڈومینک بارٹن نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی پرعزم قیادت میں پنجاب حکومت نے تعلیمی شعبہ میں تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں۔

پنجاب حکومت کے تعلیمی شعبہ کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات بے مثال ہیں۔ پنجاب میں فلاح عامہ کے منصوبوں کی انتہائی تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تکمیل آپ کا سنہری کارنامہ ہے۔شہبازشریف کی تعلیمی اصلاحات اور اعلیٰ معیار، شفافیت اور تیز رفتاری سے فلاح عامہ کے منصوبے مکمل کرنے کے اقدامات نہ صرف قابل تحسین ہیں بلکہ انہیں دیگر ممالک کیلئے بھی مثال کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔

ترقی پذیر ممالک کے ساتھ امریکہ، کینیڈا اور دیگر ترقی یافتہ ملکوں میں بھی آپ کی لیڈرشپ میں حاصل ہونے والی شاندار کامیابیوں کا حوالہ دیا جاتا ہے۔ پاکستان بے پناہ مواقع کی حامل سرزمین ہے اور ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مستقبل میں بھی قریبی رابطہ رکھتے ہوئے تعاون جاری رکھیں گے۔ صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔