محکمہ زراعت پنجاب نے مونگ پھلی کے پیداواری منصوبہ 2016-17کی منظوری دیدی

پنجاب میں گزشتہ سال 220380ایکڑ رقبہ پر مونگ پھلی کی کاشت ہوئی ، 96820ٹن پیداوار حاصل ہوئی‘ اجلاس میں بریفنگ

بدھ 17 فروری 2016 20:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب نے مونگ پھلی کے پیداواری منصوبہ 2016-17کی منظوری دے دی جس کی منظوری کے لیے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں زرعی سائنسدانوں کا ایک اجلاس ہوا ۔مسعود قادر وقار ڈائریکٹراڈاپیٹو ریسرچ پنجاب نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں قطب الدین سٹیٹیشین ،محمد ذوالفقار ڈائریکٹر ایگریکلچر کراپ رپورٹنگ پنجاب، ڈاکٹر محمد کاشف اسسٹنٹ پروفیسرزرعی یونیورسٹی فیصل آباد ، شیر باز خان پرنسپل سائنٹیفک آفیسرپی اے آر سی فیصل آباد، ڈاکٹراحسان الحق ڈائریکٹر ادارہ تحقیقات شورزدہ اراضیات پنڈی بھٹیاں، ڈاکٹر محمد ایوب خان ڈائریکٹر آئل سیڈ این اے آر سی اسلام آباد،ڈاکٹر محمد ظفر اگرانومسٹ، ڈاکٹر فیصل حفیظ ماہر حشرات ، ڈاکٹر ارشد بشیر ڈائریکٹرایس ایس آر آئی ، پی اے آر سی فیصل آباد، قمر یوسف راحیل اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریسرچ انفارمیشن یونٹ فیصل آباد سمیت زرعی سائنسدانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مسعود قادر نے اجلاس میں بتایا کہ پنجاب میں گزشتہ سال 220380ایکڑ رقبہ پر مونگ پھلی کی کاشت ہوئی جس سے 96820ٹن پیداوار حاصل ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں مونگ پھلی کے زیر کاشت رقبہ پر 87فیصد چکوال ،اٹک اور راولپنڈ ی میں کاشت ہوتا ہے ۔مونگ پھلی کے بیج میں 44تا56فیصد اعلیٰ معیار کا خوردنی تیل اور 22تا30فیصد لحمیات پائے جاتے ہیں۔مونگ پھلی کے خوردنی تیل کے استعمال کو فروغ دے کر ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوسکتی ہے۔

اجلاس میں شریک زرعی سائنسدانوں نے مونگ پھلی کے پیداواری منصوبہ کا تفصیلی جائزہ لیا اور نئی سفارشات کی روشنی میں تبدیلیاں کرکے اس کی منظوری دی۔ڈاکٹر محمد ایوب خان نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قابل فکر بات یہ ہے کہ مونگ پھلی کی ترقی دادہ اقسام باری 2000،بارڈ 479،گولڈن اور باری 2011کی پیداواری صلاحیت 40من فی ایکڑ ہے جب کہ ہمارے کاشتکار اوسطاً6سے 10من فی ایکڑ پیداوار حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے زرعی سائنسدانوں کو سفارش کی کہ وہ جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے کاشتکاروں کی رہنمائی کرکے مونگ پھلی کی فی ایکڑ پیداوار میں2سے 3گنا اضافہ کوممکن بنائیں۔

متعلقہ عنوان :