پاک افغان اعلی فوجی حکام کا اجلاس، سرحد پر سیکیورٹی مزید بڑھانے پر اتفاق

بدھ 17 فروری 2016 19:56

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) پاکستان اورافغانستان کے اعلیٰ فوجی حکام نے بدھ کوایک اجلاس میں پاک افغان سرحد پرسیکیورٹی مزیدبڑھانے پراتفاق کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے ایک بیان میں کہاگیا کہ افغانستان آرمی کے ایک 9رکنی وفد جس کی قیادت کورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل منین فقیر نے کوئٹہ میں سدرن کمانڈ کادورہ کیا اور سدرن کمانڈ کے کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق دونوں نے پاک افغان بارڈرپرسرحد پرسیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیادونوں نے اس بات پراتفاق کیاکہ سرحد پرسیکیورٹی کیلئے رابطے بڑھانے چاہئیں۔افغان وفد نے یادگارشہداء پرپھول بھی چڑھائے اوردہشتگردی کیخلاف پاکستانی فورس کی قربانیوں کوسراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغان فوجی وفد کادورہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے افغانستان کے حالیہ دورہ کے دوران مشوروں کاتسلسل ہے ۔

(جاری ہے)

جنرل راحیل شریف کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے کورکمانڈروں کے ملاقات پراتفاق کیاتھا ان ملاقاتوں کابنیادی مقصد سرحد پرغیرقانونی آمدورفت کو روکنا ہے پاکستان اورافغانستان کے درمیان تقریبادوہزار600کلومیٹرسرحد ہے جس میں زیادہ پہاڑی علاقے میں ہے ۔مبصرین کاخیال ہے کہ شدت پسندسرحد پرکمزورمانیٹرنگ کی وجہ سے سرحدپارکرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں ۔