کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے فنڈ میں خرد برد برداشت نہیں کی جائے گی۔ عبدالجبار خان

بدھ 17 فروری 2016 19:47

کراچی ۔ 17 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون برائے محکمہ کوآپریشن عبدالجبار خان کی زیر صدارت سندھ بھر سے آئے ہوئے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹرز کا اجلاس مینجنگ ڈائریکٹر کے دفتر میں بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالجبار خان نے کہا کہ ان کو ایڈمنسٹریٹرز کے خلاف مختلف شکایات موصول ہو رہی ہیں جن میں اختیارات کا ناجائز استعمال اور فنڈز میں خرد برد کی شکایات پیش پیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف حکومت، عوام بلکہ اپنے اعمال کے جوابدہ ہیں، کسی کو بھی اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کرنے دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد سوسائٹیز کے سرپرائز دورے بھی شروع کریں گے، تمام ایڈمنسٹریٹرز کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ اپنے معاملات اور ریکارڈ درست کر لیں کیونکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غلطی کو آئندہ برداشت نہیں کیا جائیگا اور سخت کاروائی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ایڈمنسٹریٹرز کے مسائل بھی سنے اور ان کو فوری حل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کو کسی بھی طور پر برداشت نہیں کیا جائیگا اور ہم جلد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور رینجرز کی مدد سے قابض لوگوں کے خلاف کاروائی کریں گے۔ عبدالجبار خان نے ایڈمنسٹریٹرز سے کہا کہ میرے آفس کے دروازے عوام کے ساتھ ساتھ محکمہ کے ملازمین کے لئے بھی ہر وقت کھلے ہیں، آپ سب کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی دقت درپیش ہو تو فوری طور پر مجھ سے رابطہ کریں۔ اجلاس میں رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز غلام حسین میمن، مینجنگ ڈائریکٹر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز آیو خان مری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :